دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزمان قائرہ کا کشمیر سٹیٹ پراپرٹی کو محفوظ بنانے، بہتر استعمال اور ' جیو فینسگ ' کا احسن اقدام،چیف سیکرٹری ' جی بی' محی الدین وانی کی ملاقات
No image اسلام آباد۔28اپریل2022 ۔ ( کشیر رپورٹ) وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزمان قائرہ کی زیر صدارت اجلاس میں سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان و دیگر افسران نے مشیر قمر الزمان قائرہ کو وزارت کی کارکردگی اور ذمہ داریوں سے متعلق بریفنگ دی۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری ' پی ایس ڈی پی'سے متعلق منصوبوں کی تفصیلات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔قمر الزمان قائرہ نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر ممکن اقداما ت کریں گے۔ قمر الزمان قائرہ نے کہا کہ کشمیر سٹیٹ پراپرٹی ( واقع پاکستان) کے معاملات میں انتہائی شفافیت کی ضرورت ہے، کشمیر سٹیٹ پراپرٹی کے اثاثہ جات کو بہترین استعمال میں لانے کے لئے تجاویز مرتب کی جائیں۔وزیر اعظم پاکستان کے مشیر نے مزید کہا کہ کشمیر سٹیٹ پراپرٹی کے اثاثوں کے تحفظ کے لئے ' جیو فینسنگ' کی جائے۔
وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزمان قائرہ سے گلگت بلتستان میں تعینات ہونے والے نئے چیف سیکرٹری محی الدین وانی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں گلگت بلتستان کی مجموعی صورتحال سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر سٹیٹ پراپرٹی کو فروخت کرنے کے حوالے سے کاروائی شروع کی تھی جس پر کشمیری حلقوں کی طرف سے سخت ردعمل ظاہر کیا گیا تھا۔سابق حکومتوں کے دور میں کشمیر سٹیٹ پراپرٹی کی کئی جائیدادوں کو سیاسی عنایات کے طور پر نامعلوم قیمتوں پر فروخت کیا گیا تھا۔وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزمان قائرہ کی طرف سے کشمیر سٹیٹ پراپرٹی کو محفوظ بنانے ، اس کے بہتر استعمال اور اس کی ' جیو فینسگ ' کا فیصلہ احسن اقدام ہے۔ اس حوالے سے تجاویز مرتب کرتے ہوئے کشمیری حلقوں کی رائے، تجاویز لینا بھی احسن اقدام ہوگا۔
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں واقع کشمیر سٹیٹ پراپرٹی کی شہری اور دیہی جائیدادوںکی مکمل تفصیل تقریبا آٹھ سال قبل ہفت روزہ '' کشیر '' کے مدیر اطہر مسعود وانی نے شائع کی تھی اور اس طرح پہلی بار پاکستان کے مختلف شہروں، علاقوں میں واقع کشمیر سٹیٹ پراپرٹی کی جائیدادوں کی تفصیل سامنے آئی تھی۔ آزاد کشمیر حکومت کے پاس بھی کشمیر سٹیٹ پراپرٹی کی کوئی تفصیل موجود نہیں ہے۔کشمیر سٹیٹ پراپرٹی کی جائیدادوں کی اس رپورٹ میں آزاد کشمیر ،پاکستان اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں کے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں بھی گہری دلچسپی لی گئی تھی۔

واپس کریں