دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس سے کشمیر ہائوس میں سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان کی ملاقات
No image اسلام آباد(پی آئی ڈی)12 مئی 2022۔ وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے ملاقات کی اور سردار تنویر الیاس خان کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماوں نے نظام کی بہتری اور آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی کے لیے مل جل کر چلنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے بہترین کابینہ کی تشکیل پر وزیر اعظم کو مبارکباد دی اور آئینی اصلاحات پر اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اجاگر کرنے اور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلیں گے۔تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے بیس کیمپ کی حکومت کے کردار کو موثر بنانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔ تحریک آزادی کشمیر بیس کیمپ کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آواز کو بلند کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر کی حکومت آزاد خطہ کی فاسٹ ٹریک ترقی کے لیے پلان کے مطابق کام کریگی۔ سیاحت اور ٹورازم کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھا کر ریاست کی آمدن بڑھا ئیں گے جس سے مقامی سطح پر روزگار میسر آئے گا۔ سرمایہ کاروں کے لیے پر کشش ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ لانگ ٹرم پلانننگ کر کے ماسٹر پلانننگ کے تحت نئی تعمیرات بلڈنگ کوڈز کے مطابق کی جائیں گی۔بڑی شاہرات کی بہتری کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق نچلے طبقے کو اوپر اٹھانے اور اسے ریلیف دینے کے لیے بھی کام کررہے ہیں، آئندہ بجٹ میں غریب طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندستان کی جانب سے نئی حلقہ بندیاں کر کے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے،ہندوستان نے 5 اگست 2019 کے اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر میں پہ در پہ اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے مسلم کش اقدامات اٹھا رہا ہے اور مسلسل اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے مذموم عزائم سے خطہ کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔ اس سلسلہ میں بیس کیمپ کی حکومت ہندوستان کے ظلم و بربریت کو دنیا تک پہنچانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم اپنے اسلاف کی روایات کو آگے لیکر چلیں گے اور سیاسی رواداری کو فروغ دیں گے۔ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے اس موقع پر سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان کا شکریہ ادا کیا،اس موقع پر وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی،سردار عثمان عتیق،سردار احمد صغیر خان اور سردار افتخار رشید چغتائی بھی موجود تھے۔
واپس کریں