دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر بلدیاتی الیکشن،2جولائی کو حتمی ووٹر فہرستیں جاری ہوں گی، آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کا اعلی سطحی اجلاس
No image مظفرآباد)کشیر رپورٹ)آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے سینئر رکن راجہ محمد فاروق نیاز کی زیر صدارت آمدہ بلدیاتی انتخابات 2022 کے لیے حتمی ووٹر فہرستوں کی تیاری کے عمل کا جائزہ لینے کے حوالہ سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں رکن الیکشن کمیشن فرحت علی میر، سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان، نادراحکام جبکہ تمام اضلاع سے رجسٹریشن آفیسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے رجسٹریشن آفیسران نے وارڈ وائز ووٹر فہرستوں کے اندراج کے حوالہ سے نادرا حکام کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں نادرا حکام نے بلدیاتی الیکشن کے لیے انتخابی فہرستوں کی تیاری میں نادرا سافٹ ویئر کے ذریعے ووٹرز کے وارڈ وائز اندراج کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال عام انتخابات کے لیے استعمال ہونے والی ووٹر فہرستوں کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے اور 1 لاکھ32 ہزار نئے ووٹرز ہیں، 1 لاکھ نئے ووٹرز نادرا کے سافٹ ویئر میں ایڈ ہو چکے ہیں جبکہ باقی 32 ہزار کو بھی مقررہ مدت سے قبل درج کر لیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع کے رجسٹریشن آفیسران کل مورخہ 17 جون کو دن 2بجے اپنے تحفظات نادرا ہیڈ کوارٹرز میں تحریری طور پر پیش کریں گے جس کے بعد تمام مسائل یکسو کیے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نادرانے 5000کے قریب ووٹرز کا انتخابی فہرستوں سے اخراج کیا ہے جنہوں نے اپنے مستقل پتہ آزادکشمیر سے باہر شفٹ کر دیا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر رکن الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز نے کہا کہ رجسٹریشن آفیسران نادرا کے ساتھ مل کر بلدیاتی الیکشن کے لیے مقررہ وقت میں حتمی ووٹر فہرست تیار کریں۔ الیکشن کمیشن آف آزادجموں وکشمیر نے 2جولائی کو بہر صورت حتمی ووٹر فہرستیں شائع کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی آفیسران نے حلقہ بندیوں اور ابتدائی ووٹر فہرستوں کی تیاری کے عمل میں بہترین کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نادرا کی جانب سے جو اپلیکیشن مہیا کی جائیگی اس کے مطابق تمام ووٹرز کو متعلقہ درست وارڈ میں درج کرتے ہوئے فہرستوں کی تیاری کو یقینی بنائیں، ووٹر کا جس وارڈ سے تعلق ہے اسی وارڈ میں ہی اسکا ووٹ درج ہونا چاہیے۔

واپس کریں