دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
عمران خان نے آزاد کشمیر کے عوام کے حق رائے دہی پہ ڈاکہ ڈالا،اس کے خلاف25جولائی کو یوم سیاہ منائیں گے، راجہ فاروق حیدر
No image چکار (کشیر رپورٹ)سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر و سابق صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو عمران خان نے آزادکشمیر کے عوام کے حق رائے دہی پر جو ڈاکہ ڈالا تھااس کے خلاف اس دن کویوم سیاہ کے طور پر منائیں گے، عمران خان پاکستان کے لیے سیکورٹی رسک بن چکا تھا، اتحادی جماعتیں اگر اسے آئینی طریقے سے باہر نہ نکالتیں تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا، عمران خان کے منہ سے اس کا اصل منصوبہ بے ساختہ باہر نکل آیا جس میں ملک کے 3 ٹکڑے کرنے،فوج اور اداروں کوکمزور کرنے اور ایٹمی پروگرام غیر محفوظ کرنے کی بات کی گئی تھی، مہنگائی سے عام آدمی سخت پریشان ہے لیکن اگر پٹرول کی قیمتیں نہ بڑھتیں تو ملک دیوالیہ ہوجاتا۔ انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف کی حکومت کو جعلی مقدمے میں ختم نہ کیا جاتا تو اس وقت یہ مہنگائی نہ ہوتی اور نہ ہی ملک ان سنگین حالات سے دوچار ہوتا۔ مہنگائی سے عام آدمی سخت پریشان ہے غریب کے لیے دو وقت کی روٹی مشکل ہے اگر عمران خان مزید رہ جاتا تو ملک میں افراتفری پھیل جاتی اور ملک کا خدانخواستہ سری لنکا جیسا حال ہوتا اس سے بچنے اور ملک بچانے کے لیے عمرانی فتنے کی حکومت کا خاتمہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کس کا ایجنٹ تھا، کس مقصد کے لیے آیا تھا، اور کہاں سے آیا تھا یہ آنیوالا وقت بتائے گا، اس سازش کی ابتد ا نوازشریف کی نااہلی سے شروع ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت ایک طرف تو کٹ کا رونا روتی ہے دوسری طرف صدر ریاست اور سپیکر اسمبلی کی گاڑیوں کے لیے کروڑوں روپے جاری کیے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اپنے حلقہ انتخاب کے دورے کے پہلے روز یونین کونسل سلیمہ کے علاقے کوٹ گجراں،اندرا سیری میں عوامی اجتماعات اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی استقبالیہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوے کیا جن سے صدر تحصیل چکار ملک بشیر، صدر حلقہ سردار عبد القیوم، لیگی رہنماں حاجی احسان دانش، منیب چکاروی،راجہ توصیف،چوہدری سید اکبر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔راجہ فاروق حیدر خان کا کوٹ گجراں اندرا سیری پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، نوخوانوں نے نوازشریف، شہباز شریف، مریم نواز اور راجہ فاروق حیدر کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں راجہ فاروق حیدر خان نے اندراسیری تا کوٹ گجراں دو کلومیٹر سڑک کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
راجہ فاروق حیدر خان نے کہا میرے پاس کوئی منصب ہو یا نہ ہو، عہدہ ہویا نہ ہو میں مرتے دم تک عوام کی خدمت کرتا رہوں گا حلقہ کے عوام نے جس دبا اور لالچ کو ٹھوکر مارکر مجھے اسمبلی پہنچایا اس پر ان کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر کی اگلی اسمبلی سے وہ مجھے ہر صورت باہر رکھنا چاہتا ہے، آج وہ خود حکومت اور اسمبلی سے باہر ہے، کیونکہ فیصلے کرنے والی اللہ کی ذات ہے، باقی کسی کی کیا اوقات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پانچ سال عوام کی خدمت کی ہے آج ہماری حکومت نہیں ہے لیکن وزیراعظم سمیت سب یہ کہتے ہیں کہ ہمارے دور میں اچھے کام ہوئے ہیں۔ ان سب کا کریڈٹ قائد محترم محمد نوازشریف کو جاتا ہے جنہوں نے سب سے پہلے ہمارا ترقیاتی بجٹ دوگنا کیا ہمیں بااختیار بنایا اور مالیاتی خودمختاری دی سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل نے بھی نوازشریف کی ہدایات کی روشنی میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج آزادکشمیر کے اندر کیا صورتحال ہے سب کے سامنے ہے بجٹ پر کٹ کا واویلا کیا جارہا ہے آزادکشمیر ایک حساس خطہ ہے یہاں کہ ذمہ داران کو سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے مسلم لیگ ن نے پاکستان کی ترقی کی بنیاد پہلے بھی رکھی تھی اور اس مشکل صورتحال سے بھی وہی نکالے گی یہ مشکل ضرور ہے لیکن ن لیگ اور اتحادیوں نے ملک بچانے کا فیصلہ کیا ہے عمران خان اور اس کے حواری خود کہ رہے ہیں کہ ہم نے بارودی سرنگیں بچھائی تھیں، اپنی سیاست پر ملک کے وقار اور سالمیت کو دا پر لگا دیا گیا تھا اگر اس عمرانی فتنے سے جان نہ چھڑائی جاتی تو اس وقت جو حالات ہوتے اس کا تصور بھی محال ہے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ میں نے ماضی کی روایات کو ختم کرتے ہوے میرٹ کی بنیاد ڈالی آزادکشمیر کے ہر حلقے اور ضلع کو اپنے حلقے، ضلع کی طرح فنڈز فراہم کیے اور عوامی ضروریات کے مطابق منصوبے دیے آج ہزاروں غریب اور پڑھے لکھے لوگ ہماری حکومت کی بدولت باعزت سرکاری محکمہ جات میں ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں،جبکہ ماضی میں یہ صرف مخصوص طبقہ کے لیے مختص تھیں۔ انہوں نے کہا کہ غلطیاں بھی ہوئی ہون گی مگر اس کی ذمہ داری بھی لیتا ہوں انسان ہوں فرشتہ نہیں خلوص نیت سے کا م کیا ہے جو لوگ چھوڑ گئے ان سے گلہ نہیں ہے، اپنے ووٹرز اور عزیز و اقارب سے کہتا ہوں کہ ہمارا کام لوگوں کی خدمت کرنا ہے اس کا صلہ رب العزت دیگا اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے چوہدری محمد سرور اور چوہدری میر اکبر نے اپنے خاندان و اقارب کے ہمراہ مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کااعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوے مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی پر راجہ محمد فاروق حیدر خان کاہر ووٹر فخر کرتاہے اور سر اٹھا کر چلتا ہے آج جو حالات ہیں ان کو دیکھ کر ہمیں اپنی قیادت پر فخر ہوتا ہے، راجہ فاروق حیدر خان تحصیل چکار کے دو روزہ دورے پر ہیں آج بھی مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات اور تقاریب سے خطاب کرینگے۔
واپس کریں