دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر حکومت کا مقامی مفادات کے لئے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فنڈز کا حوالہ دینا غیر مناسب طرز عمل ہے
No image مظفر آباد ( کشیر رپورٹ) ایک طرف آزاد کشمیر حکومت اور آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتیں ہندوستانی مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال اورکشمیر کاز سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی سے نظریں چرانے کی '' حکمت عملی'' اپنائے ہوئے ہیں اور دوسری طرف آزاد کشمیر حکومت پاکستان حکومت کے ساتھ اپنے انتظامی امو رسے متعلق مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور اس سے متعلق ہندوستانی اقدامات کو اپنے مفادات کے لئے پاکستان حکومت کے سامنے ایک '' ٹول'' کے طور پر استعمال کرنے کی '' حکمت عملی '' اختیار کئے نظر آتی ہے۔
آزاد کشمیر حکومت کے وزیر خزانہ و ان لینڈ ریونیو عبدالماجد خا ن نے وفاق کی جانب سے آزادجموں و کشمیر کے نارمل اور ترقیاتی بجٹ پر کٹ لگانے کے معاملے پر اسلام آباد پریس کلب میں، محکمہ تعلقات عامہ آزاد کشمیر کے مطابق '' دھواں دار''پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
''نریندر مودی جموں گیا جو اربوں کے پراجیکٹ دے کر آیا ہے،جبکہ آزادجموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کے بجٹ پر کٹ لگایا گیا''۔
اگر یہ دھواں دار طرز عمل کشمیر کاز کے حوالے سے اختیار کیا جائے تو اسے پذیرائی حاصل ہو سکتی ہے ۔آزاد کشمیر کے مالیاتی، انتظامی اور کشمیر کاز سے متعلق اختیار کے امور کے حوالے سے پاکستان حکومت سے مطالبہ ضرور کیا جانا چاہئے لیکن اس معاملے میں ہندوستان حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں ترقیاتی امور، فنڈز کے اعلانات کا حوالہ دیتے ہوئے ، اس معاملے کو ایک '' ٹول'' کے طور پر استعمال کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے اور یہ طرز عمل مناسب قرار نہیں دیا جا سکتا۔
آزاد کشمیر حکومت اور آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کی طرف سے مقامی امور کے حوالے سے کشمیر کاز کو ایک'' مفاداتی ٹول'' کے طور پراستعمال کیا جانا اس حوالے سے بھی قابل اعتراض ہو جاتا ہے کہ جب آزاد کشمیر حکومت اور سیاسی جماعتیں تحریک آزادی کشمیر ، کشمیر کاز سے متعلق اپنی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر '' راہ فرار'' اختیار کئے ہوئے ہیں۔
ُپاکستان،آزاد کشمیر حکومت اور آزاد کشمیر کی سیاسی جماعت کے درمیان طے پائے معاہدہ کراچی( جو اب بھی نافذ العمل ہے) کے تحت آزاد کشمیرحکومت اور سیاسی جماعتوں کا کشمیر کاز کے حوالے سے کردار بنتا ہے لیکن آزاد کشمیر کی حکومت اور سیاسی جماعتیں مکمل طو رپر مقامی مفاداتی امور میں محدود ہیں۔معاہدہ کراچی کے تحت دفاع، خارجہ امور وغیرہ حکومت پاکستان کے حوالے کرتے ہوئے آزاد کشمیر حکومت اور سیاسی جماعتیں تحریک آزادی کشمیر اور کشمیر کاز سے بری الذمہ نہیں ہو جاتیں۔
واپس کریں