دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
اپوزیشن لیڈر چودھری لطیف اکبر کامشیر رائے شماری کی تقرری کا بیان، یہ ذمہ داری آزاد کشمیر حکومت کی ہے، ڈاکٹر سید نزیر گیلانی کا وضاحتی بیان
No image لندن( کشیر رپورٹ) جموں کشمیر کونسل فار ہیومن رائٹس کے سربراہ ڈاکٹر سید نزیر گیلانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مشیر رائے شماری کا تقرر کراچی ایگریمنٹ کے تحت حکومت آزاد کشمیر کی ذمہ داری ہے جبکہ منتظم رائے شماری کا تقرر اقوام متحدہ کرے گا۔ ڈاکٹر سید نزیر گیلانی نے ایک بیان میں اس حوالے سے ایک وضاحت میں کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے قائید حزب اختلاف آزاد کشمیر پیپلزپارٹی کے چوہدری لطیف اکبر نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر میں "مشیر برائے رائے شماری" تعینات کرے۔آزاد کشمیر کے ایک سیاست دان کی طرف سے اچھا بیان ہے، لیکن اس بیان کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر گیلانی نے کہا کہ منتظم رائے شماری کی نامزدگی اقوام متحدہ کرے گا اور اس کی تعیناتی کا حکم سری نگر میں قائیم ریاست جموں وکشمیر کی حکومت جاری کرے گی۔ یہ منتظم پوری ریاست کے لئے ہوگا۔ ریاست کا ذکر سیکیورٹی کونسل کی قرارداد 91 میں موجود ہے جبکہ مشیر رائے شماری کا تقرر کراچی ایگریمنٹ، ایکٹ 1970 اور ایکٹ 1974 کے تحت حکومت آزاد کشمیر کی ذمہ داری ہے، تاکہ وہ رائے شماری کے لئے انسٹیچیوشنل institutional فریم ورک، کے ذریعے عوام کو تیار کرے۔یہ انسٹیچیوشنل فریم ورک اس لئے وضع کیا گیا تھا، تاکہ آزاد کشمیر کی انتظامیہ(لوکل اتھارٹی) مجموعی تیاری سے لا تعلق یا کم اثر نہ ہو جائے۔کراچی ایگریمنٹ کے تحت مشیر رائے شماری کی تعیناتی 73 سال پہلے، ایکٹ 70 کے تحت یہ تعیناتی 52 سال پہلے، ایکٹ 74 کے تحت یہ تعیناتی 48 سال پہلے اور آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے حکم کے تحت یہ تعیناتی 23 سال پہلے ہونی چاہیے تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر کونسل برائے انسانی حقوق کی دسمبر 1992 کی آئینی درخواست پر ہائی کورٹ نے اپریل 1999، قریب 7 سال کی بحث کے بعد دیا تھا۔قائید حزب اختلاف کو مشیر رائے شماری کی آزاد کشمیر میں تعیناتی کا مطالبہ اپنی حکومت سے کرنا چاہیے اور اس انسٹیچیوشنل فریم ورک کی اطلاع اقوام متحدہ کو دے کر منتظم رائے شماری کی دوبارہ نامزدگی کا مطالبہ کرنا چاہیے۔اقوام متحدہ کے منتظم برائے رائے شماری کی تعیناتی پہلے ایک بار ہو چکی ہے۔قائید حزب اختلاف کا بیان اہم بیان ہے، لیکن ان کا مطالبہ پہلے حکومت آزاد کشمیر سے بنتا ہے اور پھر اقوام متحدہ سے۔

واپس کریں