دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)28جولائی2022۔چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریاکی زیر صدارت آزادکشمیر کے آمدہ بلدیاتی انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق وضع کرنے کے حوالہ سے الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کی جانب سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز،ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے شرکت کی جبکہ قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر، صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزادجموں وکشمیر شاہ غلام قادر، وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد،صدر آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال، معاون خصوصی برائے اطلاعات چوہدری محمد رفیق نیئر، سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور، سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر راجہ منصور خان، ممبر اسمبلی سید بازل علی نقوی،ممبر اسمبلی جمعیت علما اسلام جموں وکشمیر پیر مظہر سعید،مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر مصطفی بشیر اور سردار فاروق احمد طاہر، جماعت اسلامی کے رہنما شیخ عقیل الرحمان،جموں وکشمیر لبریشن لیگ کے صدر خواجہ منظور قادر،شوکت جاوید میر، مولانا امتیا ز احمد عباسی، مولانا محمود الحسن اشرف سمیت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کے نمائندگان نے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی اعجاز احمد خان، الیکشن کمشنر بلدیات راجہ راشد محمود خان، ڈپٹی سیکرٹری الیکشن کمیشن اشفاق احمدودیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے شرکا کو بلدیاتی انتخابات کیلئے بنائے ضابطہ اخلاق بارے بریفنگ دی۔
اجلاس میں شریک جملہ سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے اپنی اپنی تجاویز دیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ آف آزادجموں وکشمیر کے فیصلے کے مطابق بلدیاتی انتخابات مقررہ تاریخ تک مکمل کرنے کے حوالہ سے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ سپریم کورٹ نے 15اکتوبر تک انتخابات کا عمل مکمل کروانے کا حکم دیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں 12.5فیصد کے حساب سے نوجوانوں اور خواتین کا کوٹہ مختص ہے اور ہر لوکل کونسل میں دو دو خواتین اور نوجوان نشستیں ہوں گی۔
سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں اورووٹر فہرستوں کا کام مکمل کر لیا ہے جبکہ پولنگ سکیم بھی بن چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں تصادم اور بدامنی کا زیادہ خدشہ ہوتا ہے اس لیے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو اس حوالہ سے شعور اور آگاہی فراہم کریں۔ ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے کہاکہ امن و امان کو یقینی بنانے اور صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے پاکستان سے ایف سی و رینجرز کو بلانا پڑیگا کیونکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق تمام اضلاع میں ایک ہی دن انتخابات یقینی بنانے ہیں جس کیلئے آزادکشمیر کی پولیس کی نفری ناکافی ہے۔وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بلدیاتی انتخابات کے لیے فنڈز کی فراہمی سمیت اپنی تمام تر ذمہ داریوں کو پورا کریگی، حکومت کی کوشس ہے کہ اقتدار گراس روٹ لیول پر منتقل ہو اور نئی قیادت سامنے آئے۔ قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر، مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر، صدر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال، وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد سمیت اجلاس میں شریک سیاسی رہنمائوں نے مشاورتی اجلاس کو الیکشن کمیشن کی بہتر ین کاوش قرار دیتے ہوئے سراہا۔
واپس کریں