دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر حکومت کے بانی صدر سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کے موقع پر صدر آزاد کشمیر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کے بیان
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)30جولائی 2022ء۔ آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد جموں وکشمیر کے بانی صدر تحریک آزاد ی کشمیر کے ہیرو غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے ساری زندگی کشمیریوں کی آزادی،کشمیریوں کے تشخص اوراداروں کے استحکام کے لئے کام کیا۔مرحوم کشمیری رہنما بااصول اور باکردار سیاست دان تھے۔جنہوں نے اصولوں پر کبھی سودے بازی نہیں کی اور اپنے موقف پر ہمیشہ ڈٹے رہے۔غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے کشمیریوں کی قیادت کرتے ہوئے اپنے جاندار کردار سے تحریک کو تقویت بخشی،غازی ملت ریاست جموں وکشمیر کے اس وقت تک پہلے کشمیری رہنما ہیں جنہوں نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پرمتعدد بار خطاب کرکے موثر طورپر کشمیریوں کی نمائندگی کی، غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان الحاق پاکستان کے داعی اور ان کی رہائش گاہ سری نگر کے مقام پر 19جولائی کو الحاق پاکستان کی قرارداد منظور ہوئی۔صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے تحریک آزادی کشمیر میں عملاً حصہ لیا، کشمیریوں نے 19جولائی کو جس پلیٹ فارم سے الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کی وہ اجلاس غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ سری نگر میں منعقد ہواتھا۔انہوں نے کہا کہ سیاست کے میدان میں اصول پسندی دیانت داری،عوام سے محبت اور ریاست کے تشخص کے لئے جو کارہائے نمایاں انہوں نے سرانجام دئیے وہ قابل تعریف اور قابل تقلید ہیں۔

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے آزاد جموں وکشمیر کے بانی صدر غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر میں جس طرح غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے جس ولولہ اور جوش سے عملاً تحریک آزادی کشمیر کا حصہ بن کر قومی قیادت کا فریضہ سرانجام دیا وہ تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہاُکہ بانی صدر آزاد کشمیر نے نہ صرف کشمیر کی آزادی کو اپنا اولین مقصد سمجھا بلکہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کوکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لئے لازوال جدوجہد کی۔انہوں نے کہاکہ سردار محمد ابراہیم خان نے پاکستان کے ساتھ تعلق کو مضبوط بنانے کے لئے ناقابل فراموش کردار اداکیا۔وہ سچے کشمیری اور پاکستان سے بے پناہ محبت کرنے والے اصول پسند سیاست دان تھے،غازی ملت کی سیاسی زندگی سب کے لئے مشعل راہ ہے۔

واپس کریں