دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بھارتی وزیر اعظم مودی کی تقریر کی موقع پر کشمیری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے،صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری
No image اسلام آباد( )21 اگست 2022۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ 24ستمبر کو جب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے لئے آئیں گے تو اس موقع پر امریکہ میں مقیم کشمیری نیو یارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہر ہ کریں گے۔ کیونکہ بھارت نے 05اگست 2019 کو آرٹیکل 370اور 35Aکو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کی اور اس کے بعد سے لے کر اب تک وہ مقبوضہ کشمیر میں ایسے اقدامات اٹھا رہا ہے جس سے وہ مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے جس پر مقبوضہ کشمیر سمیت پوری دنیا میں کشمیری عوام سراپا احتجاج ہے۔ ان خیالات کا اظہار آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاس اسلام آباد میں امریکہ میں مقیم کشمیر ی رہنماں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر وفد میں سردار عرفان تصدق خان،سردار ذوالفقار خان، سردار زبیر، سردار ظریف، سردار شکیل، چوہدری خادم، کاشف لطیف اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدارتی مشیر سردار امتیاز خان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اس اہم اور نازک موڑ پر اب یہ ضروری ہو گیا ہے کہ امریکہ میں مقیم کشمیری اپنی سیاسی، سماجی اور جماعتی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف بھرپور انداز میں اپنی آواز عالمی سطح پر بلند کریں۔ لہذا میں امریکہ میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کروں گا کہ وہ 24ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے مودی کے خطاب کے موقع پر کشمیریوں کے احتجاجی مظاہرہ میں بھر پور شرکت کریں۔ میں خود بھی مظاہرے سے پہلے امریکہ آکر لوگوں سے اس مظاہرے میں شرکت کی اپیل کرونگا۔صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اس فیصلہ کن موڑ پر بیرون ملک آباد کشمیریوں بلخصوص امریکہ میں مقیم کشمیریوں کا اہم کردار ہے لہذا اوورسیز کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف اپنی آواز بلند کرنے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں اور انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب مبذول کروائی جائے تاکہ کشمیری عوام کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کاحق خودارادیت مل سکے اور وہ اپنی مرضی اور منشا کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔
واپس کریں