دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
' اے پی سی ' اجلاس میں اپوزیشن اتحاد،حکومت مخالف تحریک،دھرنا مارچ کے مرحلہ وار پروگرام کا فیصلہ
No image اسلام آباد ۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے منعقدہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس نے حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔اجلاس سے میاں محمد نواز شریف ،آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کے اہم خطاب رہے۔اجلاس میں آل پارٹیز کانفرنس میں آل پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کے نام سے نیا اتحاد قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ' اے پی سی' کے مشترکہ اعلامیہ میں وزیر اعظم سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ملک گیر حکومت مخالف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت اکتوبر میں احتجاج اور عوامی ریلیاں نکالی جائیں گی جس میں تمام اپوزیشن جماعتیں شریک ہوں گی، دسمبر میں حکومت مخالف احتجاج کیا جائے گا اور جنوری 2021 میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق حکومت کو صرف جنوری تک وقت دیا جائے گا، ملک میں آزاد شفاف نئے انتخابات کا مطالبہ کیا جائے گا، نئے انتخابات نہ کرانے پر دھرنا یا مارچ شروع کیا جائے گا جب کہ تحریک عدم اعتماد کا آپشن بھی ضرورت پڑنے پراستعمال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں سے مستعفی ہونا بھی آپشنز میں شامل ہوگا جب کہ ٹروتھ کمیشن قائم کیا جائے گا جو 1947 سے آج تک پاکستان کی حقیقی تاریخ پرحقائق سامنے لائے گا۔کانفرنس میں اپوزیشن جماعتوں نے میثاق پاکستان کی تیاری کے لیے کمیٹی بنادی ہے، میثاق پاکستان میثاق جمہوریت کی طرز پر ہوگا۔پیپلز پارٹی کی میزبانی میں اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس میں 11 سیاسی جماعتیں شریک ہوئیں۔ پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی کے مشترکہ اعلامیہ کے لیے پارٹی قائدین سے مشاورت کی۔
واپس کریں