دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
یوم نیلہ بٹ کے موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا خصوصی بیان
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)22 اگست2022۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ نیلہ بٹ تحریک آزادی کشمیر کا نقطہ آغازہے۔یہ مقام صرف ایک بلند وبالا چوٹی نہیں بلکہ جدوجہد کا نشان ہے،نیلہ بٹ کے مقام سے 1947میں مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی زیر قیادت جس جدوجہد کا آغاز ہوا اس کا نتیجہ ہے کہ آج ہم اس خطہ کی آزاد فضاں میں جی رہے ہیں اور یہ خطہ شہدا کے مقدس لہو اور غازیان ملت کی شجاعت اور دلیری کی گواہی دے رہا ہے۔اس خطہ کے چپہ چپہ پر شہدا کی جدوجہد اور ان کے خون کا لمس محسوس ہوتاہے۔نیلہ بٹ کی فضائیں آج بھی آذادی کی اس عظیم جدوجہد کی خوشبو سے معطر ہیں، ہمارے اسلاف نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر جس منزل کا تعین کیا تھا اس کے حصول کے لیے استقامت کے ساتھ سفر جاری ہے۔یوم نیلہ بٹ پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ آج کے دن کا تقاضا ہے کہ اسلاف کی شروع کردہ جدوجہد کو منزل تک پہنچانے کے لیے قربا نیوں کا سفر جاری رہے گا۔ریاستی عوام کی تیسری نسل اسلام کی سربلندی،الحاق پاکستان اور نظریہ پاکستان کے لیے قربانیوں کا لازوال اور بے مثال سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور ہمارا ایمان بالیقین ہے کہ آزادی کی منزل ضرور حاصل ہوگی اور پاکستان بھی مکمل ہوگا۔نیلہ بٹ سے شروع ہونے والی جدوجہد در اصل تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جو پاکستان کے ساتھ الحاق کی صورت میں مکمل کیا جائے گا۔اس مقصد کے لیے ہمارے اسلاف کا متعین کردہ راستہ ہی حقیقی جدوجہد کا راستہ ہے جس سے انحراف نہیں کیا جاسکتا۔آج کے دن عہد کرتے ہیں کہ الحاق پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے شہادتوں کا سفر جاری رہے گا۔نیلہ بٹ کے مقام سے جدوجہد آزادی کا آغاز کرنے والے مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان اور ان کے ساتھیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہنیلہ بٹ کے جنوب میں پونچھ کا حلقہ پانچ واقع ہے جہاں سے میرے چچا سردار صغیر چغتائی مرحوم کی اہلیہ اور میری چچی محترمہ شاہدہ صغیر خان ممبر اسمبلی ہیں،جبکہ اس کے مغرب میں میں بل کھاتا خوبصورت دریائے جہلم پوری آب وتاب کے ساتھ رواں ہے۔ملکہ کوہسار مری کے بلند وبالا پہاڑوں اور پیر پنجال کے دیو قامت سلسلہ فطرت کے درمیان واقع یہ خوبصورت چوٹی فطرت کے نظاروں کی بہترین عکاس ہے۔نیلہ بٹ کے گردونواح میں واقع پہاڑوں کے دامن میں آج بھی ان مجاہدوں کی اولادیں آباد ہیں جنہوں نے لاٹھی اور کلہاڑی سے جدوجہد آزادی میں حصہ لیا اور سرخرو ہوئے،ان پہاڑوں میں گنگا چوٹی، پیرپنجال، نانگا پیر، تولی پیر اور نیزہ پیر شامل ہیں۔ان چاروں پیروں کی روحانیت اورایمانی قوت آج بھی مجاہدوں کی اولادوں میں موجود ہے،ان چاروں پیروں کے دامن میں باغ آباد ہے ان میں نیلہ بٹ منفردیت اس لیے رکھتا ہے کے اس سے جدوجہد آزادی کی چنگاری اٹھی جو اسوقت کی ریاست پونچھ میں ناقابل فراموش واقعات کو چھوڑ گئی۔

واپس کریں