دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مسلح افواج ہماری محافظ،آزا د کشمیر سے پی ٹی آئی کا صفایہ کر دیا جائے گا،راج محل میں ہمارے امیداوار ملک ذوالفقار ہی رہیں گے، شاہ غلام قادر صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر
No image کوٹلی( پ ر ) پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں کسی کو بھی نظریاتی تخریب کاری کی اجازت نہیں دی جائیگی، مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے حقوق اور مالیاتی اختیارات کی محافظ ہے محمد نواز شریف کے ہوتے ہوئے کوئی کشمیر کا سودا نہیں کر سکتا ، مسلح افواج پاکستان ہماری محافظ ہیں وہ ہمارے دفاع کیلئے کنٹرول لائن پر کھڑے ہیں۔ آزاد کشمیر پر نا اہل حکمران مسلط ہیں گذشتہ سال ہر حلقہ میں ساڑھے پانچ کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز دئیے گئے لیکن زمین پر کئی نظر نہیں آتے عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں سوائے اپوزیشن کو ٹارگٹ کرنے اور گالیاں دینے کے کچھ نہیں کیا جلد ہی آزاد کشمیر سے پی ٹی آئی نامی بیماری کا صفایا کر دیا جائیگا۔ لوگوں کی مسلم لیگ(ن) میں جوق درجوق شمولیت محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے آپ یک جان ہو کر بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں کارکن کی عزت وو قار کا تحفظ میری ذمہ داری ہے ایک سال قبل مسلم لیگ(ن) کو چھوڑ کر جانے والے اب واپسی کے راستے تلاش کرتے پھر رہے ہیں آزاد کشمیر بھر سے مختلف قد آور سیاسی شخصیات مسلم لیگ(ن) میں شمولیت چاہتی ہیں لیکن فیصلے جماعتی وابستگی کمٹمنٹ کو مدنظر رکھ کر کارکنوں کی مشاورت سے کیے جائیں گے ہمارے قائد محمد نواز شریف اور جماعت کے صدر محمد شہباز شریف ہیں اور ہم سب ان کے کارکن ہیں۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گذشتہ روز کوٹلی میں حلقہ راج محل کے دورہ کے موقع پر گوئی بٹالی کے مقام پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر حلقہ راج محل کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت سالار محمد شریف(مرحوم) کے بھائی نمبردار چوہدری بشیر اور ماسٹر آصف اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور کنبے قبیلے سمیت مسلم کانفرنس سے مستعفی ہو کر مسلم لیگ(ن) میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
استقبالیہ تقریب سے سابق وزیر حکومت چوہدری محمد عزیز، ذوالفقار علی ملک، ممبر کشمیر کونسل ملک محمد حنیف، راجہ ایاز نثار، ملک محمد الیاس نمبردار محمد بشیر، ماسٹر آصف اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر کرنل (ر) محمد معروف، پروفیسر محمد صدیق، مدثر میر، سردار زاہد، راجہ یاسر اقبال، راجہ گلفراز، فیاض آرائیں، ملک احتشام، سجاد جنگیال، راجہ رزاق، راجہ مامون اسد اور دیگر مسلم لیگی عہدیداران اور عوام علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ شاہ غلام قادر مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کی صدارت سنبھالنے کے بعد گذشتہ روز جب پہلی بار حلقہ راج محل پہنچے تو عوام حلقہ کی طرف سے والہانہ استقبال کیا گیا۔ تتہ پانی، گوئی میدان، گوئی کنیٹ، گوٹی بٹالی اور دھنواں کے مقام پر معزز مہمانوں کا پر تپاک استقبال کیا گیاڈھولوں کی تھاپ اور بھنگڑوں کے ساتھ مہمانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی۔ مختلف مقامات پر سینکڑوں لوگوں نے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا اور نئے شامل ہونے والوں کو پھولوں کی مالائیں پہنائی گئیں۔
شاہ غلام قادر نے استقبالیہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ مسلم لیگ(ن) کو مضبوط کریں مسلم لیگ(ن) آپ کو مسائل کا حل دے گی اور مسلم لیگ(ن) ہی آپ کے حقوق کی محافظ ہے مسلم لیگ نے ہی یہ ملک بنایا تھا اب مسلم لیگ(ن) ہی اس ملک کو بچائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں ایک ویژنری قیادت میسر ہے محمد نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، موٹر ویز کا جال بچھایا جس ملکی معیشت کو نئی اٹھان ملی ۔ شاہ غلام قادر نے کہا کہ میری کسی سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے ہم سب نے مل کر مسلم لیگ(ن) کو 2016والی پوزیشن پر واپس لے کہ جانا ہے۔ انہوں نے حلقہ راج محل کے لوگوں سے کہا کہ اس خطہ کے لوگوں نے تکمیل پاکستان کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں میں آپ کو محمد نواز شریف، محمد شہباز شریف اور محترمہ مریم نواز اور اپنی جانب سے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے یقین دلاتا ہوں کہ مسلم لیگ(ن) میں آپ کو جائز مقام دیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ راج محل میں ہمارے ٹکٹ ہولڈر زوالفقار علی ملک ہیں اور یہی رہیں گے کیونکہ یہ محمد نواز شریف کا فیصلہ ہے. انہوں نے مزید کہا کہ جس جماعت کا لیڈر محمد نواز شریف ہو اور اس کا بھائی محمد شہباز شریف وزیراعظم پاکستان ہواس کے دورحکومت میں کوئی کشمیر کی ایک اینٹ بھی ادھر سے ادھر کرنے کی جرا ت نہیں کر سکتا۔ جو اختیارات میاں محمد نواز شریف نے 13ویں ترمیم کے ذریعے آزاد کشمیر کو دئیے اس کو چھیننے کی جرا ت کون کر سکتا ہے نہ ہی ہم میں سے کوئی اتنا بے غیرت ہے کہ محمد نواز شریف کہ دئیے ہوئے تحفے کو واپس کرنے کیلئے ووٹ ڈالے ۔ انہوں نے کہا کہ آج آزاد کشمیر میں نظریاتی لام بندی کی اشد ضرورت ہے ایک ساز ش کے تحت نوجوان نسل کے نوخیز ذہنوں کو پرا گندہ اور جان بوجھ کرآزاد کشمیر میں مرکز گریز رجحانات کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے مسلح افواج پاکستان کے خلاف نعرے بازی کی جا رہی ہے میں ان لوگوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ آزاد کشمیر میں پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ابھی زندہ ہیں چند لوگوں کو جمع کر کے کشمیریوں کی امنگوں اور آرزو ں کی ترجمان ریاست پاکستان کیخلاف نعرے بازی کرنے والے یاد رکھیں پاکستان نے جو سہولتیں آزاد کشمیر کے لوگوں کو دے رکھی ہیں یا جو آزادی ہمیں آزاد کشمیر میں میسر ہے مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے لوگ اس کا تصور بھی نہیں کر سکتے ۔ پاک آرمی کے نوجوان کنٹرول لائن پر کھڑے ہو کر میرا اور آپ کا دفاع کرتے ہیںاور آپ ان سے حساب کی بات کرتے ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج جس کشمیری کو لے جائے پھر اسکی لاش بھی نہیں ملتی اور آپ افواج پاکستان کا مقابلہ ہندوستانی فوج سے کرتے ہو۔ آپ یہاں نعرے لگاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر جا کر ایک ٹویٹ کر کے دیکھو آپ کی لاش بھی نہیں ملے گی ۔
انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق نہیں مل جاتا ہم نظریاتی طور پر پاکستان کیساتھ کھڑے ہیںپاکستان سے ہمارا نظریاتی رشتہ ہے پاکستان ہے تو ہم ہیں اورمقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان کو اپنی منزل سمجھتے ہیں وہ اس کیلئے اپنی جان و مال اور ہر طرح کی قربانیاں دے رہے ہیں ہماری منزل پاکستان ہے ہم آزاد کشمیر میں نظریاتی تخریب کاری کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ چوہدری محمد عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کا حقیقی مفہوم کنٹرول لائین پر آباد یا مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے لوگوں سے پوچھیں ہم مسئلہ کشمیر کا1947والی پوزیشن میں منصفانہ حل چاہتے ہیں ریاست کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے ہمیں ترامیم کے نام پر بے وقوف بنانے کی کوشش نہ کی جائے افواج پاکستان کیخلاف زہر اگلنے کی اجازت کسی کونہیں دی جا سکتی۔ انہوں حلقہ راج محل کے لوگوں سے کہا کہ آپ نے بروقت اور درست فیصلہ کیا ہے آپ مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دیں مسلم لیگ(ن) آپ کے مسائل حل کرے گی۔ دیگر مقررین نے کہا کہ گذشتہ 35سالوں سے راج محل کا استحصال جاری ہے تعمیر و ترقی کے نام پر صرف لوگوں کی خرید و فروخت کی جاتی رہی اور یہاں کے مسائل جوں کے توں موجود رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلم لیگی ٹکٹ ہولڈر ذوالفقار علی ملک کیساتھ کھڑے ہیں اورآمدہ الیکشن میں حلقہ راج محل کی نشست مسلم لیگی قیادت کو تحفے میں پیش کی جائیگی۔


واپس کریں