دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وادی نیلم سے قیمتی جڑی بوٹی راولپنڈی سمگل کرنے کی کوشش ناکام، محکمہ جنگلات کی کاروائی
No image مظفرآباد(پ ر)23اگست2022۔ ضلع نیلم سے لاکھوں روپے مالیت کی جڑی بوٹی راولپنڈی سمگل کرنے کی کوشش ناکام ،محکمہ جنگلات نے فاریسٹ ریگولیشن ایکٹ 1930کی دفعہ 28کے تحت کارروائی ضابطہ شروع کر دی ،سنسنی خیز انکشافات کی توقع،قیمتی لکڑ ی کے کٹائو اور جڑی بوٹی کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے وزیراعظم،وزیر جنگلات چیف سیکرٹری،سیکرٹری جنگلات و ناظم اعلیٰ جنگلات کی ہدایات پر عملدرآمدتیزی سے جاری،سنسنی خیز انکشافات کی توقع،تفصیلات کے مطابق ناظم جنگلات سرکل مظفرآباد امتیاز احمد اعوان کو 22اگست کی شام 3بجے مخبر کے ذریعے اطلاع ملی کہ ٹرک نمبر MDXA187 جس پر سکریپ لوڈ ہے میں قیمتی جڑی بوٹی چھپا کر راولپنڈی سمگل کیے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے ،ناظم جنگلات نے عملہ کو نیلم ویلی سے آمدہ ٹرک کو کہوڑی چیک پوسٹ پر روکنے کی ہدایات جاری کیں ،اسی اثنا میں موثر شخصیات کی جانب سے ٹرک کو چھوڑنے کیلئے دبائو بڑھانے کی کوشش کی گئی ،ان کا اظہار تھا کہ ٹرک میں سکریپ کے علاوہ کچھ نہیں ہے ،ان اعلیٰ سطحی سفارشوں کی وجہ سے شکوک و شبہات نے جنم لیا ،تاہم اسی اثنا میں وزیر جنگلات اکمل سرگالہ نے بھی بذریعہ ٹیلیفون ناظم جنگلات سرکل مظفرآباد سے معلومات حاصل کیں، جس پر ناظم جنگلات سرکل مظفرآباد نے انھیں بتایا کہ ٹرک انھوں نے خود چیکنگ کیلئے کھڑا کر رکھا ہے ،وزیر جنگلات اکمل سرگالہ نے اس موقع پر کڑی نگرانی کی ہدایات جاری کیں ، ناظم جنگلات نے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر فوری رینج آفیسر کوٹلہ راجہ سجیل ،رینج آفیسر لچھڑاٹ راجہ عارف اور چھاپہ مار ٹیم جس کی نگرانی راجہ طاہر اسحاق کر رہے تھے کو کہوڑی چیک پوسٹ پر روکا جانے والا ٹرک یو ٹی ڈویژن منتقل کرنے کی ہدایت جاری کیں،عملہ نے انتہائی جانفشانی سے ٹرک کو تحویل میں لے کر سخت نگرانی میں رات 10بجے بحفاظت بینک روڈ پہنچایا اور ٹرک اور ڈرائیور کو اپنے تحویل میں رکھا،ناظم جنگلات سرکل نیلم میر نصیر احمد بھی اس تمام کارروائی میں ناظم جنگلات سرکل مظفرآباد کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے ۔
23اگست کو مرکزی فاریسٹ کمپلیکس بینک روڈ میں سکریپ سے بھرے ٹرک کی تلاشی لی گئی تو تہہ خانے سے قیمتی جڑی بوٹی از قسم بن ککڑی وغیرہ برآمد ہوئی ،عملہ پورا دن ٹرک کی تلاشی میں مصروف عمل رہا،ٹرک میں کتابیں،ناکارہ پلاسٹک سمیت دیگر چیزیں توڑوں میں بند ہونے کی وجہ سے پڑتال کا عمل جاری رہا،فاریسٹ کمپلیکس میں ٹرک کی پڑتال کے دوران ناظم اعلیٰ جنگلات علاقائی غلام مجتبیٰ مغل نے بھی موقع ملاحظہ کیا،دوران پڑتال ناظم جنگلات سرکل مظفرآباد امتیاز احمد اعوان ،ناظم جنگلات سرکل نیلم میر نصیر احمد،رینج آفیسر ز کوٹلہ و لچھراٹ و عملہ چھاپہ مار ودیگر بھی موقع پر موجود تھے،مہتمم جنگلات مظفرآباد رخصت پر تھے تاہم وہ بھی مکمل رابطے میں رہے ،ضبط شدہ قیمتی جڑی بوٹی کی برآمدگی کے بعد سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔
قبل ازیں بھی گزشتہ سے پیوستہ روز دو گاڑیاں لینڈ کروزر جن میں قیمتی جڑی بوٹی سمگل کیے جانے کی اطلاع تھی ،ناظم جنگلات سرکل مظفرآباد کی ہدایات پر عملہ نے ان کا پیچھا کرتے ہوئے تھانہ پولیس سٹی مظفرآباد کے تعاون سے تحویل میں لیااور مکمل چیکنگ کی تاہم ان سے کچھ بھی برآمد نہ ہو سکا،خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان گاڑیوں سے راستے میں ہی کہیں مال آف لوڈ کر دیا گیا ہے جس کی چھان بین جاری ہے ،یاد رہے قیمتی لکڑ ی کے کٹائو اور جڑی بوٹی کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے وزیراعظم،وزیر جنگلات چیف سیکرٹری،سیکرٹری جنگلات و ناظم اعلیٰ جنگلات کی جانب سے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں جن پر عملدرآمد جاری ہے ،موجودہ کارروائیاں انہی ہدایات کا تسلسل ہیں،دو روز قبل بھی ناظم جنگلات مظفرآباد کی ہدایات پر مہتمم جنگلات جہلم ویلی ڈویژن نے آزادکشمیر سے پاکستان قیمتی لکڑی سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے گاڑی اور لکڑی یوٹی ڈویژن منتقل کی تھی ،دریں اثنا عوامی حلقوں نے کارروائی کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے ۔

واپس کریں