دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مقبوضہ کشمیر، سوپور کے گائوں بومئی میں ہندوستانی فوج سے طویل جھڑپ میں دو کشمیری فریڈم فائٹر شہید، فوج کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی
No image سرینگر ( کشیر ررپورٹ ) شمالی کشمیر کے قصبے سوپور کے گائوں بومئی میں بدھ کی شام کو ہندوستانی فوج اور کشمیری آزادی پسندمزاحمت کاروں کے درمیان تصادم میں دو کشمیری فریڈم فائٹر شہید ہوئے ہیں جبکہ ہندوستانی فوج کی فائرنگ میں ایک عام شہری گولی لگنے سے زخمی ہوا ۔پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ شمالی کشمیر کے بومئی سوپور علاقے میں فریڈم فائٹرز کی موجودگی کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد ہندوستانی فوج نے اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کارروائی کا آغاز کیاتو اسی دوران فریڈم فائٹرز نے شدید فائرنگ شروع کر دی اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
ہندوستانی ترجمان کے مطابق تصادم کے دوران دو مجاہد شہید ہوئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔دریں اثنا تصادم کے دوران ایک مقامی شہری جس کی شناخت علی محمد گنائی ولد عبدالحد گنائی ساکن بومئی کے بطور ہوئی ہے فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ عام شہری کی ٹانگ میں گولی پیوست ہوئی ہے اور اس کی حالت مستحکم ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز کو علاقے میں دو سے تین مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ فورسزنے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے رکھا ہے۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں گھمسان کی لڑائی جاری تھی۔

واضح رہے کہ ہندوستانی مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوستان سے آزادی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کشمیر سے متعلق قراردادوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے 1988سے کشمیریوں کی مزاحمتی تحریک جاری ہے اور اس مزاحمتی تحریک میں ایک لاکھ سے زائد کشمیری اور ہزاروں کی تعداد میں ہندوستانی فورسز افسران اور اہلکاران مارے جا چکے ہیں۔ہندوستان مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے عالمی سطح پہ کئے گئے اپنے عہد کے علاوہ پاکستان کے ساتھ مسئلہ کشمیر پرامن طور پر حل کرنے کے معاہدے کے باوجود مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے انکار ی ہے اور کشمیرکا مسئلہ اپنی فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ساتھ بندوق کی نوک پر قتل و غارت گری سے حل کرنے کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہے۔
واپس کریں