دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر ، میرپور کے چتر پڑی علاقے میں اژدھے کو چند افراد نے ڈنڈے مار کر ہلاک کر دیا
No image میر پور(کشیر رپورٹ)آزاد کشمیر کے منی لندن کہلانے والے شہر میر پور کے علاقے چتر پڑی میں ایک اژ دھا کو لوگوں نے ڈنڈوں سے مار مار کر ہلاک کر دیا۔ میرپور اور ملحقہ ضلع بھمبر میں نایاب نسل کا اژدھا راک پائتھن پایا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق میر پور کے چتر پڑی علاقے میں ایک اژدھا اچانک لوگوں کی نظروں میں آ گیا جس پر چند افراد نے اس اژدھے کو ڈنڈوں کی مدد سے ہلاک کر دیا۔بتایا جاتا ہے کہ وائلڈ لائف یا انتظامیہ کا کوئی اہلکار وہاں نہیں پہنچا۔
میر پور،بھمبر کے مختلف علاقوں میںکثر اژدھا لوگوں کی نظروں میں آ تا رہتاہے اور اکثر اس کو مار دیا جاتا ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف نے ایک بار میر پور کے ایک پارک میں چند اژدھے بھی رکھے تھے تا کہ لوگوں کو اس کے بارے میں معلومات حاصل ہو سکے اور اس کو ہلاک کرنے کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔ اژدھا ایک سست رفتار جانور ہے اور ایک بار کسی جانور کو خوراک بنانے کے بعد مہینوں تک اسے مزید کھانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ ڈڈیال کے پلاٹھی علاقے میں2015میں ایک بڑا اژدھا ایک گائے کو کھانے کی کوشش میں لوگوں کی نظر میں آ گیا تھا جس کی تصویر اوپر دیکھی جا سکتی ہے۔آزاد کشمیر میں جنگلی جانوروں کو ہلاک کرنے کا رجحان عام ہے، اس حوالے سے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے،حکومت کو چاہئے کہ محکمہ وائلڈ لائف کے وسائل اور کام کرنے کی صلاحیت میں بہتری پر توجہ دی جائے۔
اپ ڈیٹ۔ '' کشیر ویب'' کی اس خبر کی اشاعت پہ بھمبر سے ہمیں ایک معتبر ذرائع نے مطلع کیا ہے کہ بھمبر کے گائوں لکھ پورمیں واقع ان کے گھر میں گزشتہ ہفتے ہی ایک اژدھا نکل آیا، جسے مار دیا گیا۔تصویر اوپر ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال بھی بھمبر میں ایک بڑا اژدھا ، راک پائتھن چند افراد نے پکڑا تھا اور پھر اسے ویران علاقے لے جا کر آزاد کر دیا گیا تھا۔ خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ اب گھر سے برآمد ہونے والے اژدھا گزشتہ سال پکڑے جانے والے اژدھا کا ہی بچہ تھا۔ بھمبر سے یہ اطلاع دینے والی معزز شخصیت نے مزید بتایا کہ انہیں اپنے گھر والوں پر غصہ تھا کہ اسے کیوں مارا گیا،کیوں کہ وہ زہریلا نہیں ہوتا ، لوگوں کو واقعی آگاہی کی ضرورت ہے ،جب بھی لوگ سانپ کو د دیکھتے ہیں تو ان کا پہلا ردعمل اسے مارنے کا ہوتا ہے۔
واپس کریں