دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کشمیریوں کو تنہا چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، وزیر اعظم شہباز شریف کا صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر سے ملاقات میں اعلان
No image اسلام آباد13ستمبر ( کشیر رپورٹ) وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر یوں کو تنہا چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیںہوتا، دنیا کے ہر فورم پہ کشمیریوں کا مقدمہ بھر پور انداز میں لڑیں گے،دورہ امریکہ سے واپسی پہ آزاد کشمیر کا دورہ کروں گا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر سے ملاقات میں کیا جنہوں نے وزیر اعظم آفس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہبازشریف سے صدر مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر شاہ غلام قادر کی ملاقات میںملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اورشاہ غلام قادر نے آزادکشمیرکی سیاسی صورت حال اور جماعتی امورپرصدر پاکستان مسلم لیگ (ن) کوتفصیلی بریفنگ دی۔شاہ غلام قادر نے کہا کہ آزادکشمیرمیں حکومت نام کی کوئی چیزنہیں،کوئی کام نہیں ہورہا،ریاست کانظام مفلوج ہوکررہ گیاہے،اپوزیشن ممبران اسمبلی کوفنڈزنہیں دیئے جارہے اور دیوار سے لگایاجارہاہے،بلند وبانگ دعوے کرنے والی تحریک انصاف آزادکشمیر میں کوئی نیا منصوبہ نہیں لگا سکی بلکہ جاری منصوبوں پربھی کام سست روی کاشکارہے۔پی ٹی آئی کی اندرونی تقسیم کے باعث یہ سمجھ ہی نہیں آرہی کہ ریاست کانظام کون چلارہاہے۔
شاہ غلام قادر نے وزیراعظم شہبازشریف سے کہا کہ آپ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے جارہے ہیں امید ہے کہ آپ مقبوضہ کشمیرکے مظلوم کشمیریوں کے حق میں بھرپور آوازبلندکریں گے،ماضی میں بھی ہمارے قائد میاں محمدنوازشریف نے مسئلہ کشمیرکوعالمی فورمز پر بھرپورانداز میں اجاگر کیا،میاں نوازشریف نے بحیثیت وزیراعظم پاکستان جنرل اسمبلی سے خطاب میں برہان مظفروانی شہید کو فریڈم فائٹرکہا،مسلم لیگ ن کاکشمیریوں کے ساتھ لگائوکسی سے ڈھکاچھپانہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف نے کہا کہ کشمیری عوام ہمارے جسم وجان کاحصہ ہیں،اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ہرفورم پر کشمیریوں کامقدمہ بھرپورانداز میں لڑیں گے۔مظلوم کشمیریوں کو تنہاچھوڑنے کاسوال ہی پیدانہیں ہوتا۔مسئلہ کشمیر کااقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں جس پرکسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔اس موقع پر صدرمسلم لیگ(ن) آزادکشمیر شاہ غلام قادر نے وزیراعظم پاکستان کودورہ آزادکشمیر کی دعوت دی توان کا کہنا تھا کہ امریکہ سے واپسی کے بعد آزادکشمیر کادورہ کروں گا۔
واپس کریں