دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
اوبامہ بھی حساس دستاویزات لے گئے تھے، ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنے گھر سے حساس دستاویزات برآمد ہونے پر جوازپیش
No image واشنگٹن(کشیر رپورٹ) امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے گھر سے حساس دستاویزات برآمد ہونے پر یہ جواز پیش کیا ہے کہ سابق صدر باراک اوبامہ بھی صدارت سے سبکدوش ہوتے وقت اہم سرکاری دستاویزات اپنے ساتھ لے گئے تھے جبکہ امریکی حکام نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس الزام کی تردید کی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے صدارت سے سبکدوش ہوتے وقت وائٹ ہائوس سے جوہری ہتھیاروں سے متعلق معلومات اور دیگر حساس نوعیت کے ریکارڈ اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ اس کے بعد ٹرمپ کی رہائش گاہ پر چھاپے مارے گئے اور وہاں سے اہم دستاویز ضبط کئے گئے ۔

اسی پس منظر میں ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ سابق صدر بارک اوبامہ بھی آفس چھوڑتے ہوئے اپنے ساتھ حساس دستاویزات لے گئے تھے۔ایک بیان میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ سابق صدر اوبامہ اپنے ساتھ ملین صفحات پر مشتمل کلاسیفائیڈ دستاویز لے گئے تھے، ان میں سے کتنے جوہری ہتھیاروں سے متعلق تھے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ `بہت سے۔ ادھرامریکی نیشنل آرکائیو نے سابق امریکہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے بیان جاری کیا ہے کہ اوبامہ کے آفس چھوڑتے ہی تمام حساس نوعیت کے دستاویز قبضے میں لے لئے گئے تھے۔

قبل ازیں امریکی محکمہ انصاف نے فلوریڈا میں سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے گھر کی تلاشی کے دوران خفیہ دستاویزات قبضے میں لئے جانے کی تفصیل بتاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ سابق صدر نے جاسوسی ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق یہ سنسنی خیز انکشافات وفاقی مجسٹریٹ جج سے منظور شدہ وارنٹ کی بنیاد پر فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کی جانب سے ڈونالڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ کی تلاشی لیتے ہوئے حساس سرکاری دستاویزات برآمد کی گئیں۔ محکمہ انصاف نے وارنٹ کیلئے اپنی درخواست میں جج بروس رین ہارٹ کو بتایا کہ ان کے پاس یہ یقین کرنے کی ممکنہ وجہ موجود ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے جاسوسی ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے، یہ ایک وفاقی قانون ہے جو قومی دفاعی معلومات کو قبضے میں لینے یا اسے منتقل کرنے سے روکتا ہے۔تلاشی کے دوران ایف بی آئی اہلکاروں نے کئی اشیا قبضے میں لے لیں ۔ ان میںفرانس کے صدر کے بارے میں معلومات بھی شامل ہیں۔خفیہ دستاویز کیلئے ٹاپ سیکرٹ رازداری کے اعتبار سے سب سے اہم ہوتاہے جو امریکہ کی قومی سلامتی کی خفیہ ترین معلومات کیلئے مخصوص ہے، اسے عام طور پر مخصوص سرکاری اداروں میں رکھا جاتا ہے کیونکہ اس کا منظر عام پر آنا قومی سلامتی کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔ ٹرمپ نے اس نوعیت کی دستاویز بھی اپنے گھر لے گئے۔
واپس کریں