دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پہ منعقد کرانے کے تمام انتظامات مکمل، ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر کی بھمبر میں پریس کانفرنس
No image بھمبر (کشیر رپورٹ)ممبر آزاد کشمیر الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بلدیاتی الیکشن اپنے مقررہ وقت پر منعقد کرانے کے تمام انتظامات مکمل ہیں، امن و امان کے لئے9ہزار سیکورٹی اہلکار متعین ہوں گے، بلدیاتی الیکشن کی افادیت اور انتظامات کے حوالے سے میڈیا کا کردار قابل ستائش ہے، پرنٹنگ کا کام جلد شروع ہو جائے گا۔ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے ان خیالات کا اظہار بھمبر میں سائلین کی درخواستوں پر سماعت کے موقع پرمیڈیا نمائندگان سے گفتگو میں کیا۔ ڈپٹی کمشنر بھمبر مرزا ارشد محمود جرال، الیکشن آفیسر چودھری عثمان منیر سانولہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
فرحت علی میر نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے موقع پر 9ہزار سیکورٹی اہلکاران اور مزید کے لئے وزارت داخلہ سے رابطے میں ہیں۔انتخابی فہرستوں کی تیاری نادرا سے کروائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن صاف ،شفاف اور منصفانہ بنانے کے لئے الیکشن کمیشن تمام انتظامات کو یقینی بنائے گا۔انتخابی فہرستوں کی تیاری، درستگی اور وارڈ بندیوں پر اعتراضات کے فیصلے بھی ہو چکے ہیں۔ بلدیاتی الیکشن تین ڈویژنوں میں تین مراحل میں ہوں گے اور امیدار کے لئے میٹرک کی شرط برقرار رہے گی۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق30نومبر سے پہلے بلدیاتی الیکشن ہر صورت کرائیں گے۔43یونین کونسلز کے معاملات میں زیادہ تر حل ہو چکے ہیں، ووٹر فہرستوںکی تیاری، درستگی اور وارڈ بندیوں پر اعتراضات کے فیصلے بھی ہو چکے ہیں۔
فرحت علی میر نے کہا کہ یونین کونسل اور وارڈز کے لئے آبادی کا تعین حکومت نے کر کے سپریم کورٹ کو دیا تھا جس کی بنیاد پر سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے۔۔ جن یونین کونسلز کو کم آبادی کی بنیاد پر ختم کیا گیا تھا، ان کے معاملات بھی نوے فیصد سے زیادہ حل ہو چکے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران تحصیلدار غلام محی الدین ،تحصیلدار رب نواز، تحصیلدار تنویر الاسلام ، ڈی آئی او عدنان مختار، ممبر پریس فائونڈیشن گورننگ بورڈ ناصر شریف بٹ ، سابق صدر کشمیرپریس کلب چودھری خالد حسین ایڈووکیٹ، سابق صدر کشمیر پریس کلب سجاد مرزا، سینئر صحافی سابق صدر کشمیر پریس کلب افتخار ساجد عظیمی،خرم افضال،برنالہ سے عبدالحمید ملک، سعد، چودھری ندیم مرزا، آفتاب حسین مرزا، مدثر احسان سمیت دیگر نے شرکت کی۔پریس کانفرنس کے دوران تینوں تحصیلوں کے سائلین ، وکلاء نمائندگان کے ہمراہ موجود تھے۔
واپس کریں