دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
شہباز شریف نے بھی آرمی چیف اور 'آئی ایس آئی ' کے ڈی جی سے ملاقات کی تصدیق کر دی
No image لاہور۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے گزشتہ دنوں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تصدیق کی ہے۔لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں شہباز شریف نے کہاکہ اس بات سے انکار نہیں کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات آل پارٹیز کانفرنس سے پہلے ہوئی، اِس ملاقات میں گلگت بلتستان اور قومی سلامتی سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔
خیال رہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے اگلے روز خبر سامنے آئی تھی جس کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے ملکی سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنمائوں نے گذشتہ ہفتے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں عسکری قیادت نے فوج کو سیاسی معاملات سے دور رکھنے پر زور دیا ہے۔ملاقات میں عسکری قیادت نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر فوج ہمیشہ سول انتظامیہ کی مدد کرتی رہے گی تاہم فوج کاملک میں کسی بھی سیاسی عمل سے براہ راست یا بالواسطہ تعلق نہیں اور اس کے علاوہ الیکشن ریفارمز، نیب، سیاسی معاملات میں فوج کا کوئی عمل دخل نہیں، یہ کام سیاسی قیادت نے خود کرنا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت کے جھوٹے وعدوں سے عوام تنگ آچکے ہیں، اقتدار ملا تو پھر عوام کی خدمت کریں گے، نوازشریف کی قیادت میں ہماری پارٹی متحد ہے، انہوں نے اپنے دور حکومت میں ہمیشہ عوام کی خدمت کی، عمران خان حکومت کی عوام دشمن پالیسوں پر اپوزیشن کا اکھٹا ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے نتائج مثبت آئیں گے، اسمبلیوں سے استعفوں کا آپشن موجود ہے، اے پی سی کے فیصلوں پر عمل ہوگا۔
واپس کریں