آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے اعلی سطحی اجلاس میں ووٹر لسٹوں کی تیاری کا جائزہ
No image مظفر آباد۔ چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس(ر)عبدالرشید سلہریا کی زیر صدارت جمعرات کے روز آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات کی ووٹر فہرستہا کی تیاری اور پراگریس کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر ز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، فرحت علی میر، سیکرٹری آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ میرپور، پونچھ اور مظفرآباد ڈویژن سے کمشنر صاحبان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔تمام ڈویژنل و ضلعی آفیسران کو نادرا کی جانب سے نئے سافٹ ویئر کے حوالہ سے الیکشن کمیشن نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر)عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ نادرا کی جانب سے نئے سافٹ ویئر سے شفاف انتخابی فہرستوں کی تیار ی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ جلد از جلد اپنے شناختی کارڈ بنوائیں۔ نادرا کا عملہ گھر گھر جا کر شناختی کارڈ بنوا رہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ نئے سافٹ ویئر سے غلطی سے پاک فہرستیں تیار ہو سکیں گی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ نئے سافٹ ویئر کے اندر ووٹررز کی درستگی،۔۔ اندراج اور اخراج کئے جانے کے علاوہ بلاک کوڈ کی مدد سے کسی علاقہ میں درج تمام ووٹر ز کو دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقہ میں دوسرے علاقے کاووٹ اندراج ہوچکا ہے تو ایک سنگل کلک کے ذریعے ملٹی پل ووٹرز کو سلیکٹ کرنے کے بعد ان کو مخصوص علاقہ میں بلاک کوڈ لکھ کر شفٹ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن آفیسران کی جانب سے تیار کی گئی ووٹرفہرستیں ہی حتمی ہوں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شفاف انتخابی فہرستوں کی تیاری کے لیے رجسٹریشن آفیسران بھرپور توجہ دیں تاکہ شفاف فہرستیں تیار ہو سکیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے تمام ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو محنت سے کام کرنے پر مبارکباد دی ہے۔

واپس کریں