دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات،اہم قومی امور پر مشاورت اور گفتگو
No image لندن ۔18ستمبر (کشیر رپورٹ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لندن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی اور مختلف امور پر مشاورت اور تبادلہ خیال کیا۔ لندن میں نواز شریف کے فرزند کے دفتر میں اتوار کو ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان میں سیلاب اور متاثرین سے متعلق امدادی سرگرمیوں، حکومتی و سیاسی امور اور دیگر اہم امور پر وزیر اعظم شہباز شریف نے مشاورت کی اور تبادلہ خیال کیا۔ اطلاعات کے مطابق اس موقع پر پاکستان آرمی کے سربراہ کی تعیناتی کے معاملے پہ بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نے کہا کہ دوست ممالک سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں،امدادی سامان ہوائی جہازوں، ٹرینوں اور بحری جہازوں کے ذریعے پہنچ رہا ہے، پاکستان کے عوام بھی عطیات دے رہے ہیں اور وفاقی اور صوبائی حکومتیں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اتحادی وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے 70 ارب روپے مختص کیے ہیں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کو 25 ہزار روپے دیئے جارہے ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت قومی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ذریعے سیلاب متاثرین کو صاف پانی، خوراک، خیمے اور دیگر ضروری اشیا فراہم کر رہی ہے۔پوری قوم اور مسلح افواج سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے لندن کے دورے پہ ہیں اور اس کے بعد وہ نیو یارک روانہ ہوں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ لندن کو مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے اہم ملاقات کے حوالے سے میڈیا میں خصوصی اہمیت دی گئی۔

واپس کریں