الیکشن کمیشن اور اسمبلی کو بھی الیکشن ملتوی کرنے کا اختیار نہیں ہے، شہباز شریف اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا ٹیلی فونک رابطہ
No image اسلام آباد ( کشیر رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و صدر مسلم لیگ ن محمد شہباز شریف اور وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہو ا جس میں شہباز شریف نے آزادکشمیر کے انتخابات کے حوالے سے این سی او سی کے خط کے بارے میں دریافت کیا ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے بتایا کہ آزادکشمیر کے انتخابات کو ملتوی کرنا این سی او سی یا الیکشن کمیشن آزادکشمیر کے دائرہ اختیار میں نہیں ،انتخابات صرف اسی صورت ملتوی ہوسکتے ہیں جب ریاست میں خانہ جنگی کی کیفیت ہو بیرونی جارحیت ہو یا سول نافرمانی،ایک ایسے وقت میں جب ملک بھر میں کورونا کیسز کم ہورہے ہیں این سی او سی کی جانب سے انتخابات کے التوا کی بات سمجھ سے بالاتر ہے ،الیکشن کے التوا کا اختیار صرف قانون ساز اسمبلی کو ہے جو آئینی ترمیم کے ذریعے اس میں اضافہ کر سکتی ہے الیکشن کمیشن کو بھی یہ اختیار ہمارے آئین کے تحت حاصل نہیں ہے،آزادکشمیر کے آئین کے تحت این سی او سی کا دائرہ کار یہاں تک نہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی فائدے کے لئے انتخابات ملتوی کرنا چاہتی ہے ۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ جو آزادکشمیر کا آئین و قانون کہتا ہے پاکستان مسلم لیگ ن اس کے ساتھ کھڑی ہے۔
واپس کریں