انتخابات ملتوی کرنے کا اختیار نہیں،اسمبلی معیاد ختم ہونے سے پہلے انتخابات مکمل ہونا لازمی ،ممبر الیکشن کمیشن فرحت میر کی وائس آف امریکہ سے گفتگو
No image اسلام آباد۔آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ29 جولائی2021 کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی میعاد ختم ہونے سے پہلے انتخابات کا مکمل ہونا لازمی ہے۔ کرونا وائرس کی صورتِ حال میں پاکستان میں ضمنی انتخابات اور گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخاب ہو سکتے ہیں تو کشمیر میں انتخابات کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے ممبر فرحت میر نے امریکی نشریاتی ادارے'' وائس آف امریکہ'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این سی او سی کی تجویز آئی ہے کہ ویکسی نیشن کا عمل مکمل ہونے تک انتخابات ملتوی کر دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے آئین کے مطابق اسمبلی کی میعاد ختم ہونے سے پہلے انتخابات کا مکمل ہونا لازمی ہے جو کہ 29 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔الیکشن کمیشن کے ممبر فرحت میر نے کہا کہ آئین میں ایسی کوئی شق نہیں ہے جو الیکشن کمیشن کو انتخابات ملتوی کرنے کا اختیار دیتی ہو۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کشمیر نے این سی او سی کو سفارش کی ہے کہ ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کیا جائے اور الیکشن کمیشن اپنے طور پر پولنگ اسٹیشن کی تعداد بڑھا رہا ہے تاکہ لوگوں کا ہجوم کم سے کم ہو۔فرحت میر نے کہا کہ کرونا وائرس کی صورتِ حال میں پاکستان میں ضمنی انتخابات اور گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخاب ہو سکتے ہیں تو کشمیر میں انتخابات کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی مدت 29 جولائی کو ختم ہو رہی ہے تاہم اب تک انتخابات کا شیڈول جاری نہیں ہوا۔ریاست کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 53 نشستیں ہیں جن میں سے آٹھ خصوصی نشستیں ہیں۔ قانون ساز اسمبلی میں اکثریت رکھنے والی جماعت کشمیر میں حکومت بناتی ہے جس کے سربراہ وزیر اعظم کہلاتے ہیں۔گزشتہ انتخابات میں کشمیر کے کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 22 لاکھ 36 ہزار چار سو 34 تھی تاہم آئندہ انتخابات کے لیے ووٹرز کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہونے کی وجہ سے حتمی فہرست جاری نہیں کی گئی ہے۔ریاست کشمیر کا الیکشن کمیشن ایک خودمختار ادارے کی حیثیت میں کام کرتا ہے جو کہ وفاق پاکستان کے الیکشن کمیشن کے ماتحت نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن تین ممبران پر مشتمل ہوتا ہے جن میں سے ایک چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبر الیکشن کمیشن ہیں۔
واپس کریں