وزیر اعظم تنویر الیاس کا تین روزہ دورہ کراچی،بزنس کمیونٹی کو آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کی دعوت
محمد زاہد تبسم
رپورٹ:محمد زاہد تبسم میڈیا ایڈوائزروزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس
وزیر اعظم سردار تنویر الیاس آزاد کشمیر کے واحد وزیر اعظم ہیں جن کے دورہ کراچی کونیشنل میڈیا نے بھرپور کوریج دی اور کشمیر یت کی گونج پور ے سندھ میں سنائی دی ۔
دورے کا مقصد تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنا، بھارتی مظالم کو بے نقاب اور عالمی برادری کی توجہ کشمیر پر مبذول کروانا، اہل پاکستان کو کشمیرکے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنا تھا۔
وزیر اعظم نے کراچی میں مقیم کشمیر ی کمیو نٹی کے مسائل کوسندھ حکومت کے سامنے رکھا،سندھ ہائوس قائم کرنے کے لئے 22کنال کی اراضی کا نوٹیفکیشن وزیر اعلیٰ سند ھ کو پیش ۔
کراچی میں مقیم کشمیر یوں کیلئے 10ہزار کنال اراضی اور زراعت کے لئے 2لاکھ کنال اراضی سندھ حکومت سے مطالبہ،جس پر وزیر اعلیٰ نے دینے کی یقین دہانی کروا دی۔
ابتدائی طور پر صنعت کاروں کو آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے 5پلاٹس ذاتی حیثیت سے دینے کا اعلان کیا،چیمبر آف کامرس کراچی کو آزاد کشمیر میں ممبر شپ دینے کا اعلان۔
وزیر اعظم مزار قائد پرخود دعا کرتے ہوئے آبدیدہ ہوئے اور بھارتی مسلمانوں کے ضمیر کو جنجھوڑ تے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بھارتی مسلمانوں کو کشمیریوں جیسی غیرت دے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کامزار قائد سے شروع ہونے والا تین روزہ دورہ کراچی بھرپور کامیابی کے بعد اپنے اختتام کو پہنچا، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا دورہ کراچی انتہائی اہمیت کا حامل رہا، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس آزاد کشمیر کے واحد وزیر اعظم ہیں جن کے دورہ کراچی کونیشنل میڈیا نے بھرپور کوریج دی اور کشمیر یت کی گونج پور ے سندھ میں سنائی دی۔دورے کا مقصد تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ بھارتی مظالم کو بے نقاب اور عالمی برادری کی توجہ کشمیر پر مبذول کروانا، اہل پاکستان کو کشمیرکے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنا،آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی، عوام کی خوشحالی ، کراچی سے سرمایہ کاروں، صنعت کاروں کو آزاد کشمیر میںسرمایہ کاری کی دعوت دینا، کراچی بار ایسوسی ایشن، پریس کلب کراچی کے ممبران کو کشمیر کے حوالے سے اپنا جاندار رول ادا کرنیکی اپیل کرنا ، کراچی میں مقیم کشمیر ی کمیونٹی سے خطاب اور انکے مسائل کوسندھ گورنمنٹ کے سامنے رکھنا تھا۔وزیر اعظم نے اپنے دورے کے دوران ،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کیساتھ اور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے ساتھ ملاقات، کراچی چیمبر آف کامرس کا دورہ، چیمبر کو آزاد کشمیر میں انوسٹمنٹ کی دعوت دی اور انہیں آزاد کشمیر بینک اور دیگر اداروں میں ممبر شپ دینے کا اعلان بھی کیا۔دورے کی خاص بات آزاد کشمیر میں سرمایہ کاروں کوقائل کرناکہ وہ آزاد کشمیر میں آئیں سرمایہ کاری کریں حکومت انہیں ٹیکس میں چھوٹ اور بجلی میں رعایت دینے کے ساتھ ساتھ بھرپور تحفظ د ے گی تاکہ آزاد کشمیر میں اندسٹریز اور ٹور ازم کوفروغ ملے اور خطے سے بے روز گاری اور غربت کا خاتمہ کیا جا سکے وزیر اعظم کے دورے کے دوران ہر فورم پر کشمیر یوں کی آواز بنے رہے اور کراچی کے بڑے سرمایہ کاروں کو بارہا آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے دعوت دینا وزیر اعظم کی کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ محبت کا واضح ثبوت ہے۔
ذاتی مفادات سے ہٹ کرقومی مفادات پر سوچنا اور خطے میں انقلاب لانے کا وزیر اعظم کے خوا ب کی تعبیر کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے، وزیر اعظم مزار قائد پرخود دعا کرتے ہوئے آبدیدہ ہوئے اور بھارتی مسلمانوں کے ضمیر کو جنجھوڑ تے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بھارتی مسلمانوں کو کشمیریوں جیسی غیرت دے تا کہ انہیں مقبوضہ کشمیر میں اپنے بھائیوں پر بھارتی افواج کی جانب سے اٹھائے جانے والے مظالم کا درد محسوس ہو، وزیر اعظم کے دورہ کراچی میں ہر فورم پر کشمیر کی آزادی، پاکستان میں سیاسی استحکام کی ضرورت، اور تکمیل پاکستان کیلئے کشمیریوں کی جدو جہدآزاد کشمیر میں ٹور ازم اور انڈسٹریز کی مضبوطی کیلئے گفتگو ٹاپ ٹرینڈ رہا۔وزیر اعظم کا دورہ کراچی ائیر پورٹ سے ہی کشمیریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔وزیر اعظم کا مصروف ترین تین روزہ دورہ اپنی مثال آپ ہے۔ گزشتہ روز وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کا کراچی ائیرپورٹ پہنچنے پرپارٹی رہنمائوں اور کارکنان نے شاندار استقبال کیا۔ سینکڑوں کارکنان نے نعرہ بازی کرتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیے اور بچوں نے گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض احمد،وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید،وزیر سیاحت و قانون سردار فہیم اختر ربانی،وزیر خزانہ عبدالماجد خان، پارلیمانی سیکرٹری پیر مظہر سعید،پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم فیاض علی عباسی،سینئر ممبر بورڈآف ریونیو چوہدری لیاقت،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل احسان خالد کیانی، سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن راجہ امجد پرویز خان، سیکرٹری اطلاعات عنصر یعقوب، سیکرٹری سیاحت محترمہ مدحت شہزاد، میڈیا ایڈوائزر سردار زاہد تبسم،معاون خصوصی راجہ سبیل ریاض، پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید،،احمد صغیر،حمزہ تنویر،اور میڈیا نمائندگان موجود تھے۔ کراچی ائیر پورٹ پہنچنے پر ایم پی اے راجہ اظہر،پی ٹی آئی آزاد کشمیر کراچی کے صدر سردار مقصودزمان، رہنما پی ٹی آئی سلیم بٹ،مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چوہدری عبدالقدوس،طاہر شاہ،امجد آفریدی،کمال آفریدی،مشتاق آفریدی،سردار راشد،شکور مغل،دعا زبیر ودیگر نے استقبال کیا۔
وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کا اپوزیشن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہناتھاکہ پی ٹی آئی اس وقت ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے اور جنرل الیکشن میں بھاری عوامی مینڈیٹ حاصل کرے گی۔ الیکشن سیاسی بحران کا واحد حل ہے۔صدر پاکستان ملک کے آئینی سربراہ ہیں انکی طرف سے الیکشن کی تاریخ دینے کے اقدام کو غلط نہیں کہا جا سکتا قومی بصیرت اور ملکی مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی قیادت سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر ملکی حالات پر بیٹھنا ہو گا۔آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ عوامی امنگوں اور خواہشات کے مطابق الیکشن کروائے جائیں تاکہ عوام خود اپنے مستقبل کی حکومت کا فیصلہ کریں۔ملک میں شدید سیاسی اور معاشی بحران کا شکار ہے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر معاشی پلان بنانا ہو گا بر وقت انتخابات ہی تمام تر مسائل کا حل ہے۔آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کہ وسیع وسائل موجود ہیں ہم تمام سرمایہ کاروں کو آزاد کشمیر میں سرمایہ کار ی کے حوالے سے دعوت دیتے ہیں کہ وہ سرمایہ کاری کریں ہم انہیں بہترین ماحول مہیا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو ڈالر کی غلامی سے نکلنے کے لیے سنجیدگی سے غور کرنا ہو گا ہمیں برآمدگی میں اضافہ کرنا ہوگا اور درآمدگی میں کمی کرنی ہو گی بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کریں تاکہ ملک میں معاشی حالات بہتر ہوں اور عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔
بعد ازاں وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے مزار قائد پر حاضری دی۔ وزیراعظم آزادکشمیر کا استقبال مزار قائد پر تعینات پاک فوج اور پاک نیوی کے دستوں نے کیا۔اس موقع پر بحری فوج کے چاک و چوبند دستے نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی کیلئے خود دعا کی۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے دعا کی کہ بابائے قائد نے جس بصیرت کے تحت یہ ملک آزاد کرایا اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ تکمیل پاکستان کیلئے لاکھوں کشمیری شہید ہوئے آج تک بھارتی مظالم سہہ رہے ہیں۔ آذان کی تکمیل کیلئے 22 کشمیریوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے دنیا میں قربانیوں کیلئے ایک منفرد تاریخ رقم کی۔ہم دعا گو ہیں کہ بابائے قوم کے نطریے پر عمل کرتے ہوئے ملک ترقی کی راہ پر چلے،کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ بھارتی درندہ فورسز کے سامنے کلمہ حق ادا کر رہے،پاکستان گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوں کیساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔ مزار قائد پر حاضری کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ امت مسلمہ کو نہتے کشمیریوں کا کھل کر ساتھ دینا ہو گا،ہندوستان جان لے کہ کشمیر کی آزادی کے معاملے میں پوری پاکستانی قوم یکجا ہے۔ لاکھوں کشمیریوں نے اپنی آزادی اور تکمیل پاکستان کیلئے شہادتیں دیں۔پاکستان 24 کروڑ لوگوں کا ملک ہے اور اس کا استحکام پوری دنیا کے مسلمانوں کیلئے ضروری ہے۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان کی بری۔بحری اور فضائیہ کی ملک کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مزاد قائد پر خدمات دینے کیلئے آزادکشمیر پولیس کی خدمات دینے کیلئے حاضر ہیں ۔وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کا موقف جاندار انداز میں پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر او آئی سی ہمارے ساتھ کھڑا ہو تاکہ ہم کشمیریوں کو آزادی دلانے کیلئے ملکر اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو مجبور کریں کہ کشمیر کے نہتے بہن بھائیوں کو ان کا بنیادی حق خودارادیت دلایا جا سکے اور تکمیل پاکستان کا ادھورا خواب پورا ہو سکے۔پاکستان تنازعہ کشمیر کے حوالے سے بنیادی فریق اور ہمیشہ سے کشمیریوں کیساتھ مکمل یکجہتی کرتا آیا ہے۔ ہندوستان کے مسلمانوں کو کشمیریوں جیسے ایمان اور غیرت کا مظاہرہ کرنا ہو گا موجودہ ملکی صورتحال پر تمام سیاسی اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو ایک ساتھ بیٹھنا ہو گا۔ پاکستان میں سیاسی استحکام کیلئے ہم تمام سیاسی قیادت کے درمیان دوریاں کم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ صدر پاکستان کا عہدہ مقام اور مرتبہ سب سے بڑا ہے ان کے کسی بھی اقدام کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔
وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر نے کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو انتخاب کا حق دیں تاکہ عوام ہی اپنے مینڈیٹ سے اگلی حکومت کا فیصلہ کرے۔ پاکستان کو سوٹزرلینڈ، جرمنی، چین اور دیگر ملکوں کی طرح ڈالر کی غلامی سے نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا استحکام ملک کا استحکام ہے۔ کراچی والوں نے دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے درد اور غم سہے ہیں۔ کراچی پاکستان کا چہرہ ہے اور کشمیریوں پر اہلیان کراچی کے بے شمار احسانات ہیں۔ ملک کی سلامتی اور سیکیورٹی مسلح فورسز کے ساتھ مشروط ہے۔ ہماری فورسز نے ملک کیلئے لاکھوں جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور عمران خان ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔کراچی پریس کلب میں کشمیر کارنر بنائیں گے اور کراچی کے صحافیوں کو بیرون ملک کشمیریوں کا سفیر بنا کر بھیجیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ کراچی کے صحافی آزادکشمیر آئیں اور کشمیریوں کی آواز بنیں ہم تمام صحافیوں کو خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں بھرپور چھوٹ دے رہے ہیں۔ کراچی اور سندھ کے سرمایہ کار آزادکشمیر آئیں حکومت بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔آزادکشمیر میں پن بجلی،سیاحت اور دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں۔
سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے چیمبر میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے پاکستان عام انتخابات میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں دو تہائی اکثریت حاصل کریں گے. تحریک انصاف کا نعرہ ہی انصاف ہے اور ہماری جماعت ہمیشہ عوامی مینڈیٹ پر یقین رکھتی ہے،و پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے مقبول جماعت اور عمران خان ہمارے لیڈر ہیں آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو گی، ملک اس وقت شدید معاشی و سیاسی بحران کا شکار ہے جس کا واحد حل الیکشن ہے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو ملک کے معاشی حالات کی بہتری کے لیے ایک پیج پر بیٹھنا ہو گا اور مسائل کا حل ڈھونڈنا ہو گا۔ ہم قومی مفاد میں ثالثی کرانے کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ حلیم عادل شیخ نے ہمیشہ سندھ کی سیاست میں جمہوری سوچ کو پروان چڑھاتے ہوئے جاندار کردار ادا کیا۔لال شہباز قلندر کی دھرتی سے ہم پوری قوم کو امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں۔ کشمیر کے لوگوں کا سندھ کی اس دھرتی کے ساتھ رشتہ مزید مضبوط کرنے کیلئے آئے ہیں۔ سندھ حکومت اپنے آفیسرز ڈیپوٹیشن پر آزادکشمیر بھیجے ہم اپنے آفیسران کو بھی سندھ بھیجیں گے۔ سندھ کی اس دھرتی نے کشمیریوں کو ہمیشہ اس قدر عزت و احترام دیا جس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔آزادکشمیر میں سندھ ہاوس قائم کرنے کیلئے وزیراعلی سندھ کو تحریک کر دی ہے۔ فوڈ سیکیورٹی کیلئے سندھ سے دو لاکھ کنال جگہ درکار ہے۔ آزادکشمیر حکومت اس پر خود کام آگے بڑھائے گی۔آزادکشمیر میں مختلف مذاہب کی عبادت گاہیں ہیں جو لوگ وہاں آنا چاہیں انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔ پن بجلی اور سیاحت میں سندھ سمیت مختلف صوبوں کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں منگلا اور نیلم جہلم منصوبے کا اہم کردار مزید پن بجلی کے منصوبے لگانے کی گنجائش موجود ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی ماوں نے بہادر سپوت پیدا کیے جو گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی درندہ صفت فوج کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ اہلیان کشمیر نے قربانی کی لمبی داستیں رقم کیں۔ کشمیری حق رائے شماری مانگتے ہیں اس لیے آزادی سے کم کسی چیز پر کمپرومائز کیلئے تیار نہیں ہوئے۔ مودی گجرات کے خون میں لتھڑا ہوا کشمیریوں کے دل درندگی سے کبھی جیتے نہیں جا سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنڈتوں اور دلتوں کے ساتھ ہندوستان کا سلوک انسانیت کے منافی ہے اسی لیے وہ پاکستان کی طرف امید سے دیکھتے ہیں۔ہندوستان نے ہمیشہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے تمام تر ہتھکنڈے استعمال کیے،لیکن جب تک کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خودارادیت آزادی مل نہیں جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان سے سندھ اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی،صوبائی اسمبلی اور پارٹی کی سینئر قیادت نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے سندھ سے تعلق رکھنے والے قومی اور صوبائی اسمبلی کے منتخب نمائندوں کو آزادکشمیر کے دورے اور سرمایہ کاری کی دعوت دی جسے تمام منتخب نمائندوں نے قبول کرتے ہوئے آزادکشمیر کے دورے اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرانے کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان اپنے وفد کے ہمراہ جب سندھ اسمبلی پہنچے تو اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان کی قیادت میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعظم آزادکشمیر کو خوش آمدید کہا۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں ممبران قومی اسمبلی فہیم خان، کیپٹن (ر) جمیل اور عطا اللہ خان جبکہ سندھ اسمبلی کے اراکین سجاد اعوان، شاہنواز جدون، شہزاد قریشی، ارسلان تاج، عدیل فاروقی، شبیر قریشی، راجہ اظہر سمیت صدر پی ٹی آئی کراچی آفتاب صدیقی شامل تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں سیاحت، انڈسٹریرز، پن بجلی، آئی ٹی و دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔ میرپور میں ڈرائی پورٹ بنا رہے ہیں اور ریلوے ٹریک اس تک پہنچا رہے ہیں۔ مظفرآباد اور راولاکوٹ کے دونوں ائیرپورٹ بحال اور میرپور میں بین الاقوامی ائیرپورٹ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے بڑے سرمایہ کار آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کریں ہم انہیں ٹیکسز او بجلی میں چھوٹ سمیت تمام ضروریات سہولیات دیں گے۔ سرمایہ کاروں سے صرف ایک مطالبہ ہے کہ مقامی لوگوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار دیں۔ ہمارے لوگ بہت بڑی تعداد میں پڑھے لکھے اور بے روزگار ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ کراچی کے سرمایہ کاروں سے رابطہ کاری کیلئے میرپور میں اسپیشل ڈیسک قائم کیا جا رہا ہے۔کراچی کے سرمایہ کاروں سے رابطہ کاری کیلئے سابق وزیر و سینئررہنماء تحریک انصاف سلیم بٹ اور پی ٹی آئی آزادکشمیر کراچی کے صدر سردار مقصود زمان فوکل پرسن ہونگے۔وزیراعظم کی دعوت پر پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے اتفاق کیا کہ آزاد خطے کو معاشی طور پر خود کفیل کرنے کیلئے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے اور کراچی کے سرمایہ کار آزادکشمیر کا دورہ بھی کریں گے اور مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری بھی کریں گے۔ قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی کے ممبران نے کہا کہ صوبائی حکومتوں اور اراکین اسمبلی کا آزادکشمیر حکومت اور منتخب نمائندوں سے مکمل رابطہ رہے گا۔
آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقا ت کی ایوان وزیر اعلی آمد پر وزیراعظم آزادکشمیر کا وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ استقبال کیا۔ وزیراعلی سندھ نے سردار تنویر الیاس خان اور وفد اراکین کو سندھ کی ثقافتی اجرک اور ٹوپی پیش کی۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے وزیر اعلی سندھ سے ملاقات میں ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اوردہشت گردی کے واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے مظفرآباد میں سندھ ہاوس تعمیر کرنے کیلئے 22 کنال اراضی مختص کیے جانے کا نوٹی فکیشن وزیراعلی سندھ کے حوالے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے وزیراعلی سندھ کو تجویز پیش کی کہ زرعی ضروریات پوری کرنے کیلئے حکومت سندھ آزادکشمیر حکومت کو دو لاکھ کنال زمین مہیا کرے جبکہ کراچی میں مقیم کشمیری کمیونٹی کی آبادکاری کیلئے 10 ہزار کنال اراضی بھی فراہم کی جائے۔ سردار تنویر الیاس خان نے حکومت سندھ کو آفر پیش کی کہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کریں ہم ٹیکسز اور بحلی میں رعایت دینے سمیت تمام ضروری سہولیات مہیا کریں گے۔ سیاحت اور پن بجلی کے منصوبے دونوں حکومتیں مل کر شروع کریں تو معاشی خوشحالی کیساتھ روزگار کے وسیع مواقع بھی میسر آسکتے ہیں۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی تجاویز پر رضامندی کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے مکمل رپورٹ مرتب کرتے ہوئے دی جائے تاکہ اس پر فوری عمل ممکن بنایا جا سکے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے وزیراعلی سندھ کو آزادکشمیر دورے کی دعوت دی جو وزیراعلی سندھ نے قبول کر لی۔
وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خا ن نے کراچی میں مقیم کشمیری کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادخطہ میں. ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور گورننس کی بہتری کیلئے اصلاحاتی عمل جاری ہے، آزادکشمیر کو آگے بڑھانے کیلئے 35 ارب کے قریب بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے حاصل کیا جا رہا ہے۔ کراچی میں مقیم کشمیریوں کی محنت اور جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ جتنی خوشی سے ہر مسلمان قربانی میں حصہ لیتا ہے اگر ایسا اخلاص زکوٰة دینے میں آجائے تو معاشرے میں کوئی غریب فرد نہ ملے۔ ریاکاری کے عمل سے بچنا چاہیے۔ اللہ نے عبادات کا حکم دیا ہے جن میں ریاکاری کا عنصر نہ ہو۔کشمیریوں کو کراچی نے ہمیشہ اپنی آغوش میں لیا ہے۔ آپ مزدور ہیں پھر بھی آپ ہمارے سروں کے تاج ہیں۔ برابر مواقعوں کا نہ ہونا مسائل کا باعث بنتا ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت میں آزادکشمیر کے اخبار کراچی سے چھپا کرتے تھے، آج آزادکشمیر کے اضلاع کے اپنے دس دس اخبارات شائع ہو رہے ہیں۔ ریاست کا اپنے 70 سے 80 چھوٹے بڑے اخبارات ہیں۔آزادکشمیر کی وزارت اطلاعات کو پورے ملک میں نمایاں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہو جائے کہ کسی کے اندر پوٹینشل موجودہے تو میں اللہ سے دعا کرتا رہتا ہوں کہ اس کا پوٹینشل علاقے اور عوام کے کام آئے۔ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ کیا ہم اس قابل تھے جو اللہ نے ہمیں عطا کیا ہے۔صدقے کے لیے نیت کا ہونا لازم ہے۔ عیدالاضحی پرقربان کیے جانے والے جانور کا گوشت رب کو نہیں پہنچاتا بلکہ انسان کا تقوٰی اللہ تک پہنچ جاتا ہے۔ جتنی خوشی سے ہر مسلمان قربانی میں حصہ لیتا ہے اگر ایسا اخلاص زکوٰ ة میں آجائے تو ہماری سوسائٹی میں کوئی غریب فرد نہ ملے کراچی میں قبرستان اور کمیونٹی سینٹر کے قیام کے لیے زمین کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ہم سندھ حکومت سے قبرستان اور کمیونٹی سینٹر کی زمین لیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ سرمایہ کار آزاد کشمیرمیں اپنی اپنی کمپنیاں رجسٹر کروائیں۔ ہم آزادکشمیر میں آپ کو جگہ بھی دیں گے اور کاروبار لگا کر بھی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آزادکشمیر کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں۔ پچھلے 75 سالوں سے اس روشنیوں کے شہر میں، صوفیاء کی دھرتی پرکشمیری رہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ممبر سندھ اسمبلی راجہ اظہر یہاں کشمیریوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کو یہاں Isolate نہیں ہونا۔وزیراعظم نے کہا محنت میں نہیں چوری میں طعنہ ہے۔ریڑھی لگاکر محنت مزدوری کرنے والے کو میں سلام پیشہ کرتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کے لیے حلال رزق کماتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سعودی ڈویلپمنٹ بنک کے ذریعے آزادکشمیر کے لیے 30 ارب کے پراجیکٹ حاصل کر لیے ہیں۔ پرائیویٹ گروپ سے سید علی شاہ گیلانی یونیورسٹی جو کہ اے جے کے یونیوسٹی کا نیا نام ہے کے لیے ساڑھے تین ارب جبکہ سکولوں کے لیے ہمیں اسلامک ڈویلپمنٹ بینک 5 ارب روپے دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے اداروں میں ریفارمز کر رہے ہیں۔ ہم نے آزاد کشمیر میں رحمت العالمین اتھارٹی قائم کی۔ پورے سال میں 3000 روپے زکوٰ ة دی جاتی تھی جسے ہم نے بڑھا کر36ہزار کر دیا ہے۔ ہم نے جہیز فنڈ 11000 سے بڑھا کر 60000روپے کیا۔ مدرسے کے طالبہ علم کے لیے اعزازیہ 22 روپے سے 65 روپے کیا۔ ہماری حکومت پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے۔ آپ ہر مشکل میں ہمیں اپنے ساتھ پائیں گے، نیتوں کے حال اللہ جانتا ہے۔
وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خا ن کا کراچی بار ایسوسی ایشن آمد پر صدر بار عامر سلیم،سیکرٹری جنرل وقار عالم اور وکلاء کمیونٹی نے والہانہ استقبال کیا۔اس موقع پر وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خا ن نے کہا کہ کراچی وکلاء کا کالا کوٹ عوامی حقوق اورجمہوریت کے لئے جدوجہد کی علامت ہے،آئین کی خلاف وزری پر آواز اٹھانے پر وکلاء کاکردار ہمیشہ قابل تحسین رہا،اٹھارویں ترمیم نے وفاق اور صوبوں میں دوریاں پید ا کیں جن کو دور کیا جانا چاہیے۔آئین پر عمل کرتے ہوئے جمہوریت مضبوط ہو گی اور سیاسی استحکام آئے گا۔کراچی بار ایسوسی ایشن کے 25وکلاء کو کشمیریوں کے سند ھ میں کیسز کے لئے لیگل ایڈوائزر بنائیں گے۔کراچی بار ایسوسی ایشن کے ممبران کو کشمیریوں کا سفیر بنا کے بیرون ممالک بھجیں گے۔بعد ازاں وزیر اعظم نے کراچی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور انھیں آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی جو انھوںنے قبول کی وزیر اعظم نے کہا کہ سرمایہ کار آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کریں انھیں ٹیکس اور بجلی میں رعایت دے کر سہولیات مہیا کرینگے۔وزیر اعظم اپنے دورے کے اختتام پر ممبر اسمبلی پیر مظہر سعید کی زیر نگرانی زیر تعمیر کمپلیکس کا دورہ کیا اور انکی دینی و مذہبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خا ن صحیح معنوں میں کشمیریوں کے حقیقی رہنما کے طور پر سامنے آئے ہیںجس انداز سے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خا ن نے کشمیر کا سفیر بن کر تمام فورمز پرکشمیریوں کی ترجمانی کی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔اس دورہ سے کراچی کے سرمایہ کاروں،وکلائ،صحافیوں اور کشمیری کمیونٹی کے اعتماد میں اضافہ ہو اجس سے خطہ کی معاشی اور اقتصادی حالت میں بہتری آئے گی۔وزیر اعظم نے آزادخطہ کی تعمیرو ترقی،خوشحالی اور ایک ماڈل سٹیٹ بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھا کرکشمیریوں سے اپنی عقیدت اور وابستگی کا ثبوت دیا ہے و زیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خا ن کے عظیم فلاحی منصوبوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔سردار تنویر الیاس کے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر کشمیریوں کو امید کی کرن دیکھائی دی تھی۔ جس انداز میں وزیر اعظم تمام تر مشکلات اور مخالفت کے باجود آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل حل کرنے اور آزادخطے کو خود کفیل بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں امید ہے جلد ہی عوام اپنی قسمت کو بدلتا دیکھیں گے۔وزیر اعظم نے وزارت عظمیٰ کا منصب اٹھانے کے بعد آزاد کشمیر کو دنیا کے ترقی یافتہ ریاستوں میں شامل کرنے کی ٹھان لی تھی اور اب وہ اپنے اقدامات اور ویژن سے ثابت کر رہے ہیں کہ وہ حقیقی معنوں میں آزادکشمیر کومثالی ریاست بن کر دم لیں گے۔
واپس کریں