دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
حکومتی وزیر کا کریش پلانٹ پہ پابندی سے بیروزگاری کا معاملہ اٹھائے جانے پراسمبلی میں کمیٹی قائم کرنے کا اعلان، آزاد کشمیر اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)18اکتوبر 2022۔آزاد کشمیر اسمبلی میں کریش پلانٹ سے پھیلنے والی آلودگی کی وجہ سے اس پر پابندی کی صورتحال میں بے روز گاری کا معاملہ اٹھا یا گیا، اس پر وزیر حکومت چودھری مقبول نے کہا کہ کریش پلانٹ کے معاملے پر ایک کمیٹی بنائی جائے گی جس میں اپوزیشن ارکان بھی شامل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس منگل کے روز ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض احمد کی زیر صدارت تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں ممبراسمبلی احمد رضا قادری نے چوہدری قاسم مجیداور سردار جاوید ایوب کی تحریک پر میرپور کے مایہ ناز ڈاکٹر شہزاد اور 2007میں سانحہ کار ساز میں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کروائی۔
اجلاس میں ممبر اسمبلی سردار جاوید ایوب کے توجہ دلا نوٹس کے جواب میں وزیر ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ محمود مسافر جو معاشرتی برائیوں کے خلاف مارچ کر رہا ہے کا دو سال قبل کوہالہ کے مقام پر ضبط ہونے والا سامان واگزار کرانے کے علاوہ اس کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ کریں گے۔
اجلاس کے وقفہ سوالات کے دوران ممبراسمبلی چوہدری قاسم مجید کے سوال کے جواب میں وزیر ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ چکسواری اسلام گڑھ میں سہنبل تابڑجن سڑک کے کام میں ریکنڈیشنگ شامل نہیں ہے لیکن اس حوالہ سے بھی متعلقہ محکمہ کو ہدایت کریں گے اور حالیہ سلائیڈ آنے کی وجہ سے سڑک کا کام متاثر ہوا لیکن اس پر 88فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ ممبر اسمبلی عامر یاسین کے توجہ دلانوٹس کے جواب میں وزیر ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ شکر گڑھ سے چکسواری میں فی میل اٹینڈنٹ کی جگہ جس بندے کی تعیناتی کی گئی ہے اس حوالہ سے محکمہ سے پوچھا جائے گا۔
ممبر اسمبلی جاوید بڈھانوی کے کوٹلی نکیال میں کریش پلانٹ پر سپریم کورٹ کی پابندی کے باوجود چلنے کے حوالہ سے سوال کے جواب میں وزیر ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ کریش پلانٹ اور ماحولیاتی آلودگی کے حوالہ سے حکومت نے اسمبلی میں آرڈیننس بھی پیش کیا ہے۔ کریشن پلانٹ کے حوالہ سے جہاں پر قاعدئے قانون کے مطابق کام نہیں ہورہا وہاں کارروائی کریں گے۔ممبر اسمبلی راجہ فاروق حیدر نے کریشن پلانٹ کے حوالہ سے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ کریشن پلانٹ لینڈ سلائیڈنگ اور ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے بند کیے گئے تھے اور سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق انتظامیہ کو اس حوالہ سے متبادل جگہ کا تعین کرنا تھا۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے ممبر اسمبلی سردار یعقوب خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں کریشن پلانٹ بند ہونے کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے ماحو ل کے مسائل کے حوالہ سے دوبارہ سروے کیا جائے تاکہ اس کا کوئی بہتر حل نکل سکے۔ ممبر اسمبلی میاں عبدالوحید نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی آفاقی معاملہ ہے اور اس کے اثرات کو درست کرنا حکومت کا فرض ہے۔ ماحولیاتی ادارہ سے رپورٹ حاصل کر کے اس معاملہ کو جلد از جلد ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ ممبر اسمبلی نثارہ عباسی نے کہا کہ کامسرکریشن پلانٹ سے گزشتہ سولہ سال سے مقامی آبادی متاثر ہورہی ہے جہاں تارکول پلانٹ کا فضلہ دریائے نیلم میں بہایا جاتا ہے جس سے لوگوں کی صحت متاثر ہوتی ہے اور مقامی آبادی کے چھبیس کلومیٹر کے اندر کریشن پلانٹ نہیں لگایا جاسکتا۔ وزیر حکومت چوہدری مقبول نے کہا کہ کریشن پلانٹ کے حوالہ سے جائز مطالبات سامنے آئے ہیں۔ہماری حکومت کا منشور عوام کو روزگار فراہم کرنا ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے ضمنی انتخابات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو بھاری اکثریت سے کامیابی ملی ہے۔ کریش پلانٹ کے حوالہ سے کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں اپوزیشن کو بھی شامل کریں گے۔ ڈپٹی سپیکر قانون سازاسمبلی نے اجلاس بدھ کی صبح 10:30بجے تک ملتوی کر دیا۔

واپس کریں