دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
یوم قرار داد الحاق پاکستان کے موقع پر آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری اور وزیر اعظم چودھری انوا را لحق کے خصوصی بیانات
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)18جولائی2023۔آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری اور وزیر اعظم چودھری انوا را لحق نے یوم قرار داد الحاق پاکستان کے موقع پر الگ الگ خصوصی بیانات جاری کئے ہیں۔یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر آزادجموں وکشمیر نے کہا کہ مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ میرے والد گرامی چوہدری نور حسین غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی سرینگر میں رہائش گاہ پر پیش کی جانے والی اس قرارداد الحاق پاکستان میں سب سے کم عمر کشمیری لیڈر تھے جو ا س موقع پر موجود تھے۔ کشمیر کا پاکستان کے ساتھ جغرافیائی، نظریاتی، مذہبی اور ثقافتی رشتہ ہے۔ ہندوستان کا کشمیر کے ساتھ کوئی تعلق نہی بنتا۔بھارت نے گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیریوں کو ان کے عالمی سطح پرتسلیم شدہ پیدائشی حق، حق خودارادیت سے محض طاقت کے بل بوتے پر محروم کر رکھا ہے۔لیکن کشمیری عوام بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی اس مذموم سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ 19جولائی 1947کا دن کشمیر کی تاریخ کا اہم باب ہے،آج ہی کے دن سرینگر میں قرارداد الحاق پاکستان منظور کی گئی۔ تقسیم ہند کے فارمولے کے تحت ریاستوں کا فیصلہ استصواب رائے کے ذریعہ ہونا تھا۔ بھارت کی درخواست پر اقوام متحدہ نے یہ فیصلہ کیا تھا لیکن بعد کے واقعات شاہد ہیں کہ بھارتی حکمران اپنے وعدہ سے مکمل طور پرمنحرف ہو گئے جس کے نتیجے میں حق خوداراردیت کی تحریک کا آغاز ہوا جو آج بھی اسی تسلسل سے جاری ہے۔ 19جولائی 1947کو کشمیریوں کی اعلی قیادت کے تاریخ ساز فیصلے نے جدو جہد آزادی کا رخ جس منزل کی طرف موڑا تھا اسی عظیم مقصد کے حصول کیلئے آج مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری بھارت کی 9لاکھ سے زائد فوج کے آگے سینہ سپر ہیں۔اور اقوام عالم میں ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر پاکستان کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے اتحاد و اتفاق پیدا کریں۔ میں اس موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کی مضبوطی اور استحکام کیلئے نظریہ الحاق پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہاکہ پاکستان ہماری امیدوں امنگوں کا مرکز ہے۔پاکستان کی مٹی کی خوشبو سے محبت میں جانیں نچھاورکرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔پاکستان کے قیام سے قبل کشمیریوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ پاکستان کے حق میں دیا۔ قا ئداعظم کے پاکستان سے محبت ہمارے خون میں شامل ہے۔کشمیر بنے گا پاکستان سیز فائرلائن کے دونوں جانب سب سے مقبول نعرہ ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی پاکستان سے محبت پر ہندوستان بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔مقبوضہ وادی کے اندر بسنے والوں نے اس سفر کی تکمیل کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔ آج سیز فائرلائن کے دونوں جانب کشمیری الحاق پاکستان منارہے ہیں۔صرف جموں میں اڑھائی لاکھ لوگوں کو پاکستان کی محبت کے جرم میں قتل کیا گیا۔ہندوستان کی جانب سے تمام تر حربے آزمانے اوربہیمانہ قتل عام پاکستانیت کو ختم نہیں کرسکا۔کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ اپنے مقدس رشتے کو ہمیشہ سب سے مقدم رکھا اور کبھی حرف نہیں آنے دیا۔ انہوں نے کہا کہ 19جولائی کا دن تاریخ ساز دن ہے کیونکہ اس تاریخی دن کشمیریوں نے قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے اپنے مستقبل کا تعین کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ 19 جولائی کو قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے کشمیری عوام نے اپنی قسمت پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا جو تاریخ ساز فیصلہ کیا تھا وہ اس میں ضرور کامیاب ہوں گے اور کشمیر یوں کو ان کا بنیادی حق، حق خوداردیت ضرور ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج آزاد جموں و کشمیر کے طول و عرض میں الحاق پاکستان کا دن منایا جا رہا ہے جو پاکستان کے ساتھ ہمارے اٹوٹ تعلق کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی اعلی قیادت کے تاریخ ساز فیصلے نے جدو جہد آزادی کا رخ جس منزل کی طرف موڑا تھا اسی عظیم مقصد کے حصول کیلئے آج مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری بھارت کی 8لاکھ سے زائد فوج کے آگے سینہ سپر ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج سے سات دھائیوں قبل کشمیریوں نے اپنی منزل کا تعین کر دیاتھا اور اس منزل کے حصول کیلئے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے کشمیریوں کی جس منزل کا تعین کیا تھا وہ انشا اللہ حاصل کر کے رہیں گے۔
واپس کریں