دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا،وزیر اعظم نے اپنے اخراجات کم کئے ہیں۔ سنیئر وزیر وقار نور کی 6وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس
No image اسلام آباد (پی آئی ڈی) 27 جولائی 2023۔آزادجموں و کشمیر کے موسٹ سینئر وزیر،وزیر خزانہ کرنل(ر) وقار احمد نور نے کہا ہے کہ حکومت نے آزادکشمیر کے ملازمین کی تنخواہوں میں وفاقی حکومت کے مساوی اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔موسٹ سینئر وزیر نے ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر ہائوس اسلام آباد میں وزرا حکومت میاں عبدالوحید،عبدالماجد خان،احمد رضا قادری،چوہدری اکبر ابراہیم،چوہدری اظہر صادق،دیوان علی خان چغتائی اور چیئرمین معائنہ کمیشن پیر مظہر سعید شاہ کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات انصر یعقوب اور ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس بھی موجود تھے۔
موسٹ سینئر وزیر،وزیر خزانہ کرنل(ر) وقار احمد نور نے کہا کہ درپیش مالی مشکلات کے باوجود وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی سربراہی میں قائم اتحادی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آزادکشمیر کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گریڈ ایک سے سولہ تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد،گریڈ سترہ سے بائیس تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ کیا جائے گا جبکہ پنشنرز کی پنشن میں 17.50 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں اضافے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے،انہوں نے بتایا کہ سرکاری آٹے کا ریٹ 1550 روپے فی 20 کلو ہے جبکہ پرائیویٹ مارکیٹ قیمت 3000 روپے فی 20 کلو ہے اسظرح 1450 روپے کا فرق ہے۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں یہ فرق صرف 28 روپے تھا۔حکومت آٹے کی مد میں سات ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک وزیر پر ایک کروڑ پچیس لاکھ خرچ ہے ا س طرح تیس وزرا پر 37 کروڑ پچاس لاکھ سالانہ خرچ ہے،سابق دور حکومت میں 16 وزرا پر 20 کروڑ کا خرچ تھا اسظرح سترہ کروڑ کا فرق پڑا،سابق دور حکومت میں سیکرٹ فنڈ جس کی allocation دو کروڑ تھی کی مد میں 62 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے تمام اضافی اخراجات کو کم کر دیا ہے پہلے وزیراعظم کے سکواڈ میں پچیس سے تیس گاڑیاں ہوتی تھیں جو کم کر کے صرف چار کر دی گئی ہیں،وزیراعظم ہائوس کا ماہانہ خرچ ایک کروڑ 25 لاکھ تھا جو کم ہو کر صرف بارہ لاکھ ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جب یہ محسوس کیا کہ ڈی ایچ اے میں اپنے گھر جانے میں سات لاکھ روپے زیادہ خرچ ہو رہے ہیں تو اسکے بعد انہوں نے رہائش بھی وزیراعظم ہائوس میں رکھی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسوقت تک بلا استحقاق 200 گاڑیاں واپس کی گئی ہیں جن سے خزانے میں کروڑوں کی بچت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے اثرات آپ کو جلد نظر آئیں گے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہیستالوں کا بجٹ پہلے سات لاکھ سالانہ تھا جسے بڑھا کر 45 لاکھ سالانہ کر دیا گیا ہے،محکمہ برقیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے ٹرانسفارمرز اب محکمہ خود ٹھیک کرے گا،ایمبولینسز کا رہے ہیں،سڑکوں کی مرمت کیلیے رقوم مختص کی گئی ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام کے جائز مطالبات کو پورا کیا جائے گا مگر کسی کو بھی ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احتساب بیورو اور محکمہ اینٹی کرپشن کو فعال کیا جا رہا ہے جلد اسکے اثرات آپ کو نظر آئیں گے وزیراعظم کی پالیسی کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ ریلیز کر دیا گیا ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ واپڈا سے 2 ارب 10 کروڑ یونٹس خریدے جبکہ ایک ارب 37 کروڑ کی بلنگ ہوئی یہ تقریبا 30 فیصد کا تفاوت بنتا ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حویلی سے وزیر حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے مطالبے پر وزیراعظم نے وہاں ہونے والے قتل کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دیا دوسرے واقعہ میں پولیس اپنا کام کر رہی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تنخواہوں میں اضافے سے 16 ارب روپے کے زائد اخراجات ہونگے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا اس مرتبہ بجٹ میں ہم نے تھانے میں ایس ایچ او کی حد تک بجٹ دیا ہے جس سے تھانے کا کلچر تبدیل ہو گا۔


واپس کریں