دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
حکومتی کابینہ کمیٹی اور عوامی ایکشن کمیٹی مزاکرات کا پہلا دور، فریم ورک کاتعین اور سب کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ، مزاکرات سے تمام مسائل حل کرنے کا عزم
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)19اکتوبر2023۔عوامی ایکشن کمیٹی آزاد جموں و کشمیر و حکومتی مصالحتی کابینہ کمیٹی کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور میں فریم ورک کا تعین کیا گیا۔حکومتی کمیٹی کے چیئرمین راجہ فیصل ممتاز راٹھور، ممبران کمیٹی وزرا حکومت عبدالماجد خان،میاں عبدالوحید، سردار جاوید ایوب، دیوان علی خان چغتائی اور ظفر اقبال ملک مذاکراتی سیشن میں شریک ہوئے جبکہ عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکراتی وفد کی قیادت ممبر عوامی ایکشن کمیٹی شوکت نواز میر نے کی۔تاجران کی مذاکرتی کمیٹی کے وفد میں ہارون ریاض مغل، سردار عمر نذیر کشمیری، سردار ارباب، ہارون ریاض مغل ایڈووکیٹ، امتیار اسلم چوہدری، سردار ارباب ایڈووکیٹ، سردار افتخار زمان، انجم زمان اعوان،راجہ غلام مجتبی، سعد انصاری ایڈووکیٹ، توصیف جرال ایڈووکیٹ، اور سردار شہزاد زمان شامل تھے۔ اجلاس میں محکمہ برقیات، قانون اور زراعت کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں حکومتی مصالحتی کابینہ کمیٹی نے مذاکرات کو تسلسل اور تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے سب کمیٹی کے قیام پر بھی زور دیا۔حکومتی نمائندگان نے کہا کہ سب کمیٹی تین اراکین پر مشتمل ہونی چاہیے جو برق رفتاری سے معاملات کو آگے بڑھائے گی۔عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے حکومتی مصالحتی کابینہ کمیٹی کی جانب سے سب کمیٹی کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے آج جمعرات شام تک عوامی ایکشن کمیٹی نے سب کمیٹی کے ناموں پر مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا۔ اس موقع پر حکومت نے اپنی سب کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے وزرا حکومت دیوان علی خان چغتائی، میاں عبدالوحید اور عبدالماجد خان کے نام تاجران کی سب کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے لیے پیش کردیے۔
وزرا حکومت نے مذاکرات کی افادیت پر زور دیتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے چیرمین مصالحتی کابینہ کمیٹی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں۔مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے بات چیت سے مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔دونوں اطراف سے مذاکرات کا خیر مقدم کیا گیا اور عزم کیا گیا کہ جلد مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کا حل نکال لیا جائے گا۔

واپس کریں