دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مقبوضہ کشمیر کے علاقے اوڑی میں ایک ہندوستانی فوجی اور قاضی گنڈ میں نیم فوجی دستے کے اہلکار نے خود کشی کر لی
No image بارہمولہ( کشیر رپورٹ) مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں ایک ہندوستانی فوجی نے اپنی سروس رائفل سے فائر کر کے خود کشی کر لی، جبکہ جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں بھی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے بھی اپنی سروس رائفل سے فائر کر کے خود کشی کر لی۔ ہندوستانی آرمڈ فورسز میں ہر سال بہت بڑی تعداد میں خود کشی کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔ تین روز قبل ہی ہندوستانی فوج نے ایک بیان میںبتایا تھا کہ ہر سال تقریبا 140ہندوستانی فوجی ڈیوٹی کے دوران خود کشی کر لیتے ہیں ۔ جبکہ نیم فوجی دستوں کے خود کشی کرنے والے اہلکاروں کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ہندوستانی فوج کا قافلہ سرینگر سے اوڑی جا رہا تھا کہ اس قافلے میں شامل ایک ہندوستانی فوجی نے اپنی سروس رائفل سے فائر کر کے خود کشی کر لی۔اس کی لاش کو اوڑی فیلڈ ہسپتال پہنچایا گیا۔ دوسری طرف جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے قاضی گنڈ علاقے میں ہندوستانی نیم فوجی دستے' سی آ ر پی ایف' کے ایک اہلکار نے بھی اپنی سروس رائفل سے فائر کر کے خود کشی کر لی۔مقبوضہ جموں وکشمیر میں لاکھوں کی تعداد میں متعین ہندوستانی فوج اور نیم فوجی دستوں کے اہلکار وں کی طرف سے آئے روز خودکشی کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی آزادی کی مزاحتمی تحریک اور مسلسل سخت ڈیوٹی کی وجہ سے ہندوستانی فوجی شدید ذہنی دبائو کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ان میں آئے روز خود کشی کے واقعات ہوتے ہیں۔
واپس کریں