دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر میں جعلی سند پہ ترقی حاصل کرنے والے ریٹائرڈ کلرک کو اینٹی کرپشن عدالت سے 10سال قیداور جرمانے کی سزا
No image مظفرآباد (پی آئی ڈی)20فروری2024۔ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلیشمنٹ آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرکی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق خصوصی عدالت اینٹی کرپشن پونچھ نے میٹرک کی جعلی سند پر ترقیابی حاصل کرنے کے جرم میں دس سال سزائے قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزائیں سنا دیں۔راجہ شمریز خان سیشن جج با اختیار حج اینٹی کرپشن پونچھ راولاکوٹ نے مقدمہ عنوانی سرکار بنام محمد شہزاد کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم محمد شہزاد ولد باغ حسین سکنہ ہاوسنگ سکیم راولاکوٹ جونئیر کلرک محکمہ عدلیہ کو جرم 5 ضمن (2) PCA کا ارتکاب کرنے کا جرم ثابت ہونے پر چار سال قید اور تیس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ اسی طرح جرم زیر دفعہ APC420 میں دو سال قید اور دس ہزار و پے جرمانہ، جرم زیر دفعہ APC465 میں ایک سال قید، جرم زیر دفعہ APC468 میں دو سال قید دس ہزار وپے جرمانہ اور جرم زیر دفعہ APC471 میں ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔ عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں مجرم مزید تین ماہ قیدبرداشت کرے گا۔اس مقدمہ کا چالان عدالت میں مورخہ 2022-06-02 کو پیش ہوا کیا گیا تھا ایک سال سات ماہ مقدمہ کا ٹرائل مکمل ہونے پر مجرم کو سزائیں سنائی گئی ہیں۔ استغاثہ کی طرف سے مقدمہ کی پیروی راجہ محمد سعید پراسیکیوٹنگ انسپکٹر پولیس اینٹی کرپشن اور سردار عبد الصمد ایڈووکیٹ نے کی۔ جبکہ ملزم کی جانب سے مقدمہ کی پیروی سردار شمشاد حسین ایڈووکیٹ نے کی۔ مقدمہ میں ملزم محمد شہزاد پر الزام تھا کہ اس نے میٹرک کی جعلی سند کی بنیاد پر نائب قاصد سے بطور جونئیر کلرک ترقیابی حاصل کی اور بعد ازاں بطور سینئر کلرک ترقیاب ہوا اور جون 2021 میں ملازمت سے ریٹائر ہو چکا تھا۔ مجرم اپنی سزا قید ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ میں برداشت کرے گا مجرم کو سر اجلاس گرفتار کر کے حوالہ ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ کیا گیا۔
واپس کریں