دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر میں سیکرٹری ماحولیات مظہر فاروق جنجوعہ کی ہدایت پہ ماحولیاتی مسائل اور کلائیمیٹ چینج کے حوالہ سے آگاہی مہم
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)22اپریل 2024۔ سیکرٹری ماحولیات،آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مظہر فاروق جنجوعہ کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں ادارہ تحفظ ماحولیات آزاد کشمیر نے ریاست بھر میں ماحولیاتی مسائل اور کلائیمیٹ چینج کے اثرات کے حوالہ سے آگاہی مہم کا آغازکیا ہے۔اس سلسلہ میں عوام میں شعور کی بیداری اور ماحولیاتی مسائل سے متعلق آگاہی کی غرض سے زمین کے عالمی دن کے موقع پر ادارہ تحفظ ماحولیات کے زیر انتظام گورنمنٹ گرلز ہائی سکول امبور مظفرآباد میں تقاریر ی اور پوسٹر نمائش کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری ماحولیا ت مظہر فاروق جنجوعہ تھے۔ تقریب کی صدارت پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول امبور محترمہ تسنیم کوثر نے کی جبکہ اس موقع پر ڈویثرنل ڈائریکٹر سکولز محترمہ پروین اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر سکولز نازش اکبر،ڈی ای او درِ شوار نقوی،ادارہ تحفظ ماحولیات کی طرف سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات سردار ارشد اقبال، سحرش منصف خان، بشری اکبر اور عروبہ وقارنے تقریب میں شرکت کی۔تقریب کا آغازتلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔
زمین کا عالمی دن ہر سال دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے موضوع کا انتخاب بھی کیا جاتا ہے۔ اس سال کا موضوع "Planet Vs Plastic" رکھا گیا ہے۔قدرت نے خطہ کشمیر کو بیشتر قیمتی وسائل اور خوبصورت و صحت مند ماحول سے نواز رکھا ہے، لیکن خطہ شدید ماحولیاتی مسائل کاشکار ہو چکا ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر قدرتی وسائل انحطا ط پذیر ہو رہے ہیں - ہوا،پانی اور فضائی آلودگی کے علاوہ پلاسٹک بیگز جیسے ماحولیاتی مسائل جنم لے رہے ہیں۔تعمیر و ترقی کے دوران پائیدا ر ترقی کے اصولوں کو پس پشت ڈالنا اورمتعلقہ ریاستی محکمہ جات کی طرف سے ماحول بچا پروگرام کو ترقی کے عمل کا حصہ نہ بنایا جانا بھی ہمارے لیئے بڑے ماحولیاتی مسائل کا پیش خیمہ ہے۔
تقریب میں طلبا نے ماحول کو پیش آمدہ مختلف مسائل کو اجاگر کرنے کے لیئے زمینی، پانی اورشور کی آلودگی، اور پلاسٹک بیگز کی آلودگی سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی مسائل کے حوالہ سے پروگرام پیش کیئے۔ تقرری اور پوسٹر نمائش میں ججز کے فرائض ماہر تعلیم شاہدہ ممتاز، سینئر ممبر گرلز گائیڈ، عائشہ صدیق اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات سحرش منصف خان نے سرانجام دیئے۔ تقریب میں طلبا نے ماحولیاتی مسائل کو بذریعہ تقاریر نمایاں انداز میں بیان کیا اس کے علاوہ طلبا نے ماحولیاتی مسائل کو بذریعہ پوسٹر نمائش بھی اجاگرکیا۔ علاوہ ازیں ماحولیاتی مسائل کو پوسٹر نمائش کے ذریعے بھی اجاگر کیا گیا جس میں فضائی آلودگی، کوڑاکرکٹ کی آلودگی، آبی آلودگی، پلاسٹک کی آلودگی، جنگلات کی کٹائی اور فالتو اشیا کے کارآمد استعمال کا پیغام دیا گیا۔تقریری مقابلہ میں فزا صدیق، مومنہ رضا اور ملائکہ ملک نے بالترتیب اول، دوئم اور سوئم پوزیشن حاصل کی۔ پوسٹرنمائش کے مقابلہ میں جویریہ نذیر، بسما زائد اور اسوہ بانو نے بالترتیب اول، دوئم اور سوئم پوزیشن حاصل کیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی سیکرٹری ماحولیات مظہر فاروق جنجوعہ نے ا دارہ کی جانب سے ریاست بھر میں ماحول کے تحفظ کے لیئے کیئے گئے اقدامات کاخصوصی ذکر کیا اور پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول امبور مظفرآباد کے جملہ سٹاف اورطلبا کی اعلی کارکردگی و کاش کو سراہا۔مہمان خصوصی نے تقریب کے آخر میں تقریری مقابلہ جات، پوسٹر نمائش میں بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل کرنے والی طالبات میں سرٹیفیکٹس، ٹرافی اور کیش انعامات تقسیم کیے۔

واپس کریں