دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں فوج کی گاڑی کو حادثہ،9 جوان شہید،4 زخمی
No image باغ (کشیر رپورٹ) آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں پاکستانی فوج کی ایک گاڑی کے حادثے میں پاک فوج کے9جوان شہید اور4زخمی ہو گئے۔باغ کے ہاڑی گہل کے نواحی علاقے شجاع آباد میں رات تین سے چار بجے کے دوران فوج کی گاڑی ایک موڑ پہ بے قابو ہو کر گہرے نالے میں جا گری ۔، گاڑی منگلہ سے منگ بجری باغ جاری تھی ۔ مقامی لوگوں اور پولیس اہلکاروں نے سب سے پہلے جائے حادثہ پہ پہنچ کر امدادی کاروائی شروع کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثے میں سپاہی سعید،سپاہی اعظم،سپاہی ندیم،سپاہی ذیشان حیدر،سپاہی ابراہیم،سپاہی یعقوب،سپاہی اشفاق اورنائیک شاہد شہید ہوئے جبکہ زخمی ہونے والوں میںسپاہی محمد حسین،سپاہی اللہ دینو،سپاہی ساجد،سپاہی شاہد علی اور سپاہی اعظم شامل ہیں۔شہداء اور زخمیوں کو سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) پاک فوج کے9 جوان اتوار کو اس وقت شہید ہوگئے جب ان کی گاڑی معمول کی فوجی ڈیوٹی کے دوران حادثے کا شکار ہوگئی اور صبح سویرے باغ ،آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے)کے علاقے شجاع آباد میں نالے میں گر گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ اس کے علاوہ چار فوجی زخمی ہوئے جنہیں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔ تمام شہدا کی نماز جنازہ منگلا گیریژن میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور فوجی حکام نے شرکت کی۔ شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی شہروں کو روانہ کئےجائیں گے جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے علاقے باغ کے قریب فوجی گاڑی کے حادثے پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اتوار کو وزیر اعظم میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے 9 شہید ہونے والے جوانوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کا عظیم فرض نبھاتے ہو ئے شہید ہونے والے بیٹوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے ۔وزیراعظم نےشہدا ءکے بلندی درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل اور زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
واپس کریں