دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وفاقی حکومت نے فنڈ زنہ نہ دیئے تو کابینہ سمیت پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دوں گا،عمران خان آزاد کشمیرآئیں لاہور سے بڑا جلسہ کریںگے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی باغ میں جلسہ میں تقریر
No image باغ(پی آئی ڈی)6ستمبر2022۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر اور تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان نے باغ میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاق سے اپنا حق لے کر آئیں گے، اگر وفاقی حکومت نے فنڈز نہ دیئے تو پارلیمنٹ کے باہر پوری کابینہ سمیت احتجاجی دھرنا دیں گے۔عمران خان کو اب دنیا بھی عالمی لیڈر مانتی ہے جس کا ثبوت ہے کہ انہیں رہنمائوں کی کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے۔عمران خان پر اوور سیز اعتماد کرتے ہیں۔دنیا انہیں ایماندار مانتی ہے اسی بنیاد پر وہ جب بھی باہر نکلتے ہیں دنیا امڈ آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان آزاد کشمیر میں جہاں چاہیں گے وہاں پر لاہور سے بڑا جلسہ کریں گے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس نے کہا کہ باغ کیلئے یکمشت تاریخی پیکج کا اعلان کرکے عوام کو باغ باغ کردیا۔وزیراعظم نے باغ میں ملٹری کیڈٹ کالج،ایک ماہ میں سی ایم ایچ یا ٹیچنگ ہسپتال کی منظوری، اہلیان باغ کے لیے 1 ارب کے بلا سود قرضوں، وٹرنری کالج باغ،ریڑہ، بیرپانی کو سب ڈویژن بنانے،ملوٹ اور جنوبی باغ کو نیابت کا درجہ دینے،باغ میں آرمی پبلک سکول کے قیام،باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو اضافی فنڈز کی فراہمی، جامعہ کشمیر مظفرآباد کا باغ میں کیمپس کھولنے، بڑے مدارس کو جامعات بنانے، ہاڑی گہل میں ڈی ایس پی آفس، باغ میں مقیم مہاجرین کے کے لیے پختہ مکانات کی تعمیر، صحافیوں اور وکلا کے تمام مسائل حل کرنے، نظریاتی کارکنان کی ایڈجسٹمنٹ سمیت ٹیوٹا اور زکو کے لیے اضافی فنڈز کی فراہمی کا اعلان کردیا۔
وزیر اعظم تنویر الیاس نے کہا کہ تحریک آزادی ہو یا دفاع پاکستان پونچھ کے بیٹوں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم کٹ تو سکتے ہیں مگر جھک نہیں سکتے۔مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں، تحریک آزادی کشمیر کو کبھی کمزور نہیں ہونے دیں گے۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ایل او سی کے پار مقبوضہ کشمیر میں جہدوجہد آزادی کے لیے برسرپیکار اپنے بھائیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ریاست کے عوام کے مسائل کا حل میری ذمہ داری، ہمیشہ ڈرتا ہوں کسی سے زیادتی نہ ہو۔ غیر دانستہ کچھ ہو جائے تو اللہ پاک سے معافی مانگتا ہوں۔ اہلیان باغ نے جس والہانہ انداز اور گرم جوشی سے میرا استقبال کیا اور آج یہاں تاریخی جلسہ کیا اسے ہمیشہ یاد رکھوں گا۔
وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ باغ میں رہنے والا ہر وہ قبیلہ مبارکباد کا مستحق ہے جنہوں نے مجھے منتخب کر کے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا اور اپنے حقوق کا محافظ مجھے منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ باغ والوں نے الیکشن میں اپنا حق ادا کر دیا اب انکے حقوق کا تحفظ میں کرونگا۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب کے دوران ہاڑی گہل پولیس چوکی کو تھانے کا درجہ دے کر ڈی ایس پی تعینات کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں جو بھی وعدے کیے انہیں ہر صورت پورا کروں گا۔ عوام کا حق انہیں بغیر مانگے ملنا چاہیئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سردار میر اکبر خان، امتیاز نسیم، طاہر اقبال خان، افتخار رشید، سردار منظور ایڈووکیٹ،اشفاق گردیزی،نائیلہ گردیزی سمیت جن لوگوں نے اس جلسہ کو کامیاب بنانے کے لیے محنت کی ان سب کا شکر گزار ہوں اور راجہ نثار احمد شائق کو ہماری صفوں میں شامل ہونے پہ خوش آمدید کہتا ہوں انکی آمد سے ہماری صفوں میں مزید مضبوط ہو گی۔
قبل ازیں وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کا باغ آمد پر تاریخ ساز اسقبال کیا گیا، دارلحکومت مظفرآباد سے لیکر باغ تک شاہراہ کو خیر مقدمی بینروں سے سجایا گیا تھا، وزیراعظم وزرا کرام اور پی ٹی آئی قیادت کے ہمراہ باغ سے نکلے تو درجنوں مقامات پر کارکنان نے انکا نعروں کی گونج اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے استقبا ل کیا، باغ پہنچنے پر وزیراعظم کا قابلہ بہت بڑی ریلی کی شکل اختیار کر گیا، وزیر اعظم کو روایتی بگی پر بیٹھا کر جلسہ گاہ لایا گیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزرا کرام،تحریک انصاف کے عہدیداران اور سیکریٹریزحکومت بھی موجود تھے۔ جلسہ عام سے وزیر زراعت سردار میر اکبر خان،سردار طاہر اقبال خان،سردار افتخار رشید سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔باغ جلسہ کے دوران آزادکشمیر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی کے لیے ایم ٹی بی سی اور آئی ٹی بورڈ آزادکشمیر کے مابین اسٹیج پر ہی ایم او یو سائن کیا گیا۔ کھیلوں کی ترقی کے لیے محکمہ اسپورٹس اور کشمیر کنگز کے درمیان ایم او یوسائن کیا گیا۔
واپس کریں