الطاف اندرابی
روٹ گلالن داغ منہِ منز پار گو آرے ولن
زانہِ کیاہ اتھ معنہِ گاٹل زانہِ بلبل زانہ بو......
بیسویں صدی کے وسط میں وادی کشمیر کیادبی افق پر شمیم نامی دو شخصیات نمودار ہوئیں... شمیم احمد شمیم اور احمد شمیم۔ شمیم احمد شمیم نے سرینگر میں وکالت، صحافت اور سیاست میں اپنا لوہا منوایا اور اردو ادب کے ممتاز نثر نگار کی حیثیت سے شہرت حاصل کی . شمیم احمد شمیم صرف 45 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ جبکہ احمد شمیم نے آزاد کشمیر ہجرت کی.. ریڈیو اورمحکمہ اطلاعات سے وابستہ رہے. ادبی و صحافتی خدمات احسن طریقے سے سرانجام دیتے رہے. تاہم احمد شمیم پاکستان اور آزاد کشمیر کے ادبی حلقوں میں اردو کے بلند پایہ شاعر کے طور پر متعارف ہوے. نظم نگاری میں اپنا نام روشن کیا. پاکستان کے ممتاز ادیب اور شاعر مرحوم احمد ندیم قاسمی ان کے بارے میں رقمطراز ہیں.. "احمد شمیم کی نظمیں ایک آزاد اور پاکیزہ روح کا سفر نامہ حیات ہیں... ان کی یہ طویل نظمیں اردو کے شعری ادب میں آئندہ صدیوں تک زندہ رہنے والے اضافے ہیں"۔
احمد شمیم کے دو اردو شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں. اجنبی موسم میں ابابیل، ریت پر سفر کا لمحہ۔ احمد شمیم نے کشمیری زبان میں بہت کم شاعری کی. آزاد کشمیر ریڈیو کے لئے کافی نغمے اور ترانے لکھے جن میں سے اکثر ہوا میں ہی تحلیل ہوئے. زندگی نے وفا نہ کی 1982 میں 52 سال کی عمر میں داعی اجل کو لبیک کہہ گیے تاہم ان کے ایک قریبی ساتھی معروف ادیب مرحوم طاس بانہالی کے مطابق کشمیری زبان میں احمد شمیم نے ایک مخصوص کیفیت میں جو بیس پچیس غزلیں اور نظمیں لکھیں، وہ ان کو کشمیر کی ادبی تاریخ میں ہمیشہ زندہ جاوید رکھیں گی. احمد شمیم کا یہ مختصر کشمیری شعری مجموعہ "دگ تہ داغ " کے نام سے کلچرل اکیڈمی سرینگر سے 1889 میں شایع ہوچکا ہے جبکہ پاکستان میں بھی سنگ میل پبلیکیشن کی طرف سے" کلیات احمد شمیم" میں یہ کشمیری کلام شایع کیا گیا ہے. ( کشمیر کے ان دونوں اہل قلم کا تعارف اس لئے ضروری ہے کیونکہ خونی لکیر کے اس پار شمیم احمد شمیم لوگوں میں متعارف ہیں. جبکہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے ادبی اور صحافتی حلقوں میں احمد شمیم کسی تعارف کے محتاج نہیں) احمد شمیم کی کشمیری شاعری کے حوالے سے پروگرام یو ٹیوب پر بھی دیکھا جاسکتا ہے.. اس میں احمد شمیم کی آواز میں وہ کلام بھی شامل ہے جو آزاد کشمیر ریڈیو مظفر آباد کی آڈیو لائبریری میں محفوظ ہے. لنک.... https://youtu.be/28ErKjNyFT8
واپس کریں