بیرسٹر حمید بھاشانی خان
گزشتہ کالم میں عرض کیا تھا کہ پاک امریکہ تعلقات کی موجودہ شکل کو سمجھنے کے لیے ان تعلقات کی ابتدا اور ان کے تاریخی ارتقا کو سمجھنا ضروری ہے۔ یہ تاریخ پاکستان اور اس پورے خطے میں امریکی مفادات اور اس کے زیر اثر خارجہ پالیسی کی تفہیم کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔بیسویں صدی کی چوتھی اور پانچویں دہائی کی امریکی سیاست اور جنوبی ایشیا میں امریکہ مفادات کی نوعیت کو سمجھنے کے لیے اس وقت کی اس ابھرتی ہوئی سپر پاور کی عالمی پالیسی اور نظریاتی سمت کو سمجھنا ضروری ہے، جس کا اظہار ہیری ٹرومین ڈاکٹرائن کی شکل میں ہوا۔ ٹرومین ڈاکٹرائن کیا تھا؟ اور اس نظریے کا جنوبی ایشیا سے اتنا قریبی تعلق کیوں تھا؟ہیری ٹرومین ڈاکٹرائن کے تحت امریکی صدر ہیری ایس ٹرومین نے واضح کیا کہ ریاستہائے متحدہ امریکہ دنیا میں ان تمام جمہوری قوموں کو سیاسی، فوجی اور اقتصادی مدد فراہم کرے گا، جن کو داخلی یا خارجی طور پر آمرانہ قوتوں سے خطرہ در پیش ہو۔ ٹرومین نظریے نے امریکی خارجہ پالیسی کا رخ بدل کر رکھ دیا تھا۔ اس سے پہلے یہ سمجھا جاتا تھا کہ امریکہ علاقائی تنازعات سے دستبرداری اختیار کر رہا ہے، اور جن دور دراز تنازعات میں ریاست ہائے متحدہ امریکہ براہ راست ملوث نہیں ہے، وہ ان تنازعات میں ممکنہ مداخلت سے اجتناب کرے گی۔
ٹرومین ڈاکٹرائن صدر ٹرومین کی طرف سے 12 مارچ 1947 کو کانگرس کے مشترکہ اجلاس سے پہلے کی گئی تقریر کے ذریعے پیش کیا گیا تھا۔ اس تقریر کی فوری وجہ برطانوی حکومت کا تازہ ترین اعلان تھا کہ 31 مارچ سے، وہ یونانی حکومت کو یونانی کمیونسٹ پارٹی کے خلاف خانہ جنگی میں معاشی مدد نہیں دے گی۔ برطانیہ کے اس واضح انکار کے بعد امریکہ کے پالیسی سازوں نے یہ طے کیا کہ اب امریکہ یہ فریضہ سر انجام دے گا، اور ہیری ٹرومین نے کانگرس سے کہا کہ وہ یونانی کمیونسٹوں کے خلاف یونانی حکومت کی حمایت کرے۔انہوں نے کانگرس سے بھی کہا کہ وہ ترکی کے لیے امداد فراہم کرے، کیونکہ ترکی بھی پہلے برطانوی امداد پر انحصار کرتا تھا، اور برطانیہ نے اس کو بھی مزید امداد دینے سے انکار کر دیا تھا۔ اس وقت، امریکی حکومت کا موقف تھا کہ سوویت یونین یونانی کمیونسٹ پارٹی کی یونانی حکومت کے خلاف جنگ میں ان کی مدد کر رہا ہے، اور امریکہ کو یہ خدشہ تھا کہ اگر کمیونسٹ یونانی خانہ جنگی میں غالب آ گئے تو سوویت یونین کمیونسٹوں کے ذریعے یونانی پالیسی پر اپنا کنٹرول قائم کر لیں گے۔
لیکن کچھ غیر جانب دار تاریخ دانوں کا خیال ہے کہ اس وقت سوویت یونین کمیونسٹوں کو کوئی مد نہیں دے رہا تھا۔ سویت رہنما جوزف سٹالن نے جان بوجھ کر یونانی کمیونسٹوں کو کسی قسم کی مدد فراہم کرنے سے گریز کیا تھا، اور یوگوسلاویہ کے وزیر اعظم جوسیپ ٹیٹو کو بھی ایسا کرنے پر مجبور کیا تھا، جس سے سوویت یوگوسلاویہ تعلقات کو بہت نقصان پہنچا تھا۔ لیکن بہرحال امریکہ اپنے موقف پر قائم تھا، اور یونانی حکومت کی مدد ناگزیر قرار دے رہا تھا۔یونان اور ترکی کے علاوہ امریکہ کو خارجہ پالیسی کے کچھ دیگر مسائل بھی درپیش تھے، جنہوں نے صدر ٹرومین کے فیصلوں کو متاثر کیا۔ خصوصاً سویت یونین کے ساتھ معاملات میں ٹرومین کو ان کے اپنے الفاظ میں چار شدید دھچکے لگے تھے۔ ان دھچکوں کی وجہ سے امریکہ اور سوویت یونین کے درمیان دوسری جنگ عظیم کے دوران اور بعد جس طرح کے تعلقات قائم کرنا چاہتے تھے وہ ممکن نہ رہے۔ امریکہ کو پہلا بڑا دھچکہ اس وقت لگا، جب 1946 کے اوائل میں سویت یونین نے شمالی ایران سے اپنی فوجیں نکالنے کا معاملہ ملتوی کر دیا۔
ایران سے فوجیں نکالنے کا اعلان انیس سو تینتالیس کے تہران اعلامیہ میں کیا گیا تھا۔ دوسرا دھچکا آذربائیجان میں علیحدگی پسندوں کے بارے میں سوویت یونین کا نیا موقف اور ایرانی حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کہ وہ انہیں تیل پر رعایتیں دے۔ تیسرا دھچکہ ترک حکومت کو ترک آبنائے کے ذریعے اڈے اور ٹرانزٹ حقوق دینے پر مجبور کرنے کی کوششیں تھا۔ اور چوتھا بڑا دھچکہ سوویت حکومت کا جون 1946 میں جوہری توانائی اور ہتھیاروں پر بین الاقوامی کنٹرول کرنے کے ”باروچ“ نامی منصوبے کو مسترد کرنا تھا۔سوویت یونین کے ساتھ بگڑتے تعلقات، یونانی اور ترکی کے معاملات میں سوویت مداخلت اور یونان کو برطانوی امداد کے خاتمے نے ہیری ٹرومین کو امریکی خارجہ پالیسی کو نئے سرے سے ترتیب دینے کے لیے بنیادیں فراہم کیں۔ اسی مناسبت سے، صدر ٹرومین نے اپنی تقریر میں کانگرس سے درخواست کی کہ وہ یونانی اور ترکی دونوں حکومتوں کو مالی امداد فراہم کرے، اور خطے میں امریکی سویلین اور فوجی اہلکاروں اور ساز و سامان کی روانگی میں مدد کرے۔ٹرومین نے اپنی درخواست کی دو وجوہات پیش کیں۔ ایک یہ کہ یونانی خانہ جنگی میں کمیونسٹوں کی فتح ترکی کے سیاسی استحکام کو خطرے میں ڈال دے گی، جس سے مشرق وسطی کے سیاسی استحکام کو نقصان پہنچے گا۔ امریکی قومی سلامتی کے لیے خطے کی بے پناہ سٹریٹجک اہمیت کی روشنی میں اس کی اجازت نہیں دے گا۔ ٹرومین نے دوسری وجہ یہ بتائی کہ ریاست ہائے متحدہ ”آزاد لوگوں“ کو ”جابر حکومتوں“ کے خلاف ان کی جدوجہد میں مدد کرنے پر مجبور ہے، کیونکہ آمریت کا پھیلاؤ ”بین الاقوامی امن کی بنیادوں کو کمزور کر دے گا، اور اس سے امریکہ سلامتی خطرے میں پڑھ جائے گی۔
ہیری ٹرومین ڈاکٹرائن کے مطابق، یہ“ امریکہ کی پالیسی بن گئی کہ وہ آزاد لوگوں کی حمایت کرے جو مسلح اقلیتوں یا بیرونی دباؤ کے ذریعے محکومی کی کوششوں کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔ ”ٹرومین نے اصرار کیا کہ عالمی سیاست میں امریکہ محض ایک تماشائی بن کر کھڑا نہیں ہو سکتا، اور نہ ہی“ سوویت مطلق العنانیت ”کو آزاد، خود مختار اقوام میں زبردستی پھیلانے کی اجازت دے سکتا ہے، کیونکہ اب امریکہ کی قومی سلامتی امریکی سرزمین کی سلامتی کے علاوہ اور کئی باتوں پر انحصار کرتی ہے۔ٹرومین ڈاکٹرائن میں ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی طرف سے دوسرے ممالک کی سیاسی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے عملی مدد کی کرنے کا عہد کیا گیا۔ ہیری ٹرومین ڈاکٹرائن کا اطلاق یوں تو پوری دنیا پر ہوتا تھا، لیکن آگے چل کر بر صغیر پاک و ہند میں اس کا اطلاق خصوصی اور لازم تھا، کیوں کہ یہاں کے حالات کی یونان اور ترکی کے حالات سے بہت زیادہ مماثلت تھی۔ تقسیم بر صغیر کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر سمیت کئی دوسرے تنازعات سر اٹھانا شروع ہو چکے تھے۔برطانیہ کے فیصلہ سازوں نے امریکہ کو بتانا شروع کر دیا تھا کہ انگلستان جنگ کی تباہیوں اور اپنی دیگر عالمی ذمہ داری کے پیش نظر بر صغیر میں کسی قسم کی ذمہ داری لینے اور مالی امداد فراہم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ اس وقت تک امریکی پالیسی یہ تھی کہ بر صغیر کے معاملات میں کچھ وقت کے لیے برطانیہ پر انحصار کیا جائے۔ ان علاقوں سے برطانیہ کے دیرینہ تعلق اور انٹیلی جنس سے استفادہ کیا جائے، اور ہو سکے تو برطانیہ ان علاقوں میں سویت مداخلت روکنے یا اندرونی طور پر کسی قسم کے سوشلسٹ انقلاب کے خلاف مکمل ذمہ داری لے۔لیکن برطانیہ کے جواب اور یونان اور ترکی سے اس کی دست برداری کے بعد امریکہ نے بر صغیر میں براہ راست معاملات اپنے ہاتھوں میں لینے اور برطانیہ کے تجربات اور انٹیلی جنس سے استفادہ کرنے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس مقصد کے لیے امریکہ کو برصغیر میں اتحادیوں کی ضرورت تھی، جو ٹرومین ڈاکٹرائن کی روشنی میں سوشلزم کے خلاف لڑائی میں امریکہ کا فوجی اور نظریاتی شراکت دار بن سکے۔ اس مقصد کے لیے امریکہ نے پاکستان کا انتخاب کیوں اور کیسے کیا؟ اس کا احوال آئندہ کسی کالم میں پیش کیا جائے گا۔
واپس کریں