دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق سے شاہ غلام قادر اور چودھری محمد یاسین کی الگ الگ ملاقات ،مسئلہ کشمیر، تعمیر و ترقی، سیاسی اور باہمی دلچسپی کے امور پہ بات چیت
No image اسلام آباد( کشیر رپورٹ۔پی آئی ڈی ) 29فروری 2024۔وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے آج کشمیر ہائوس اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری محمد یاسین کی الگ الگ ملاقات ہوئی۔ یوں تو یہ دونوں سیاسی جماعتیں وزیر اعظم چودھری انوار الحق حکومت کی اتحادی ہیں تاہم موجودہ سیاسی صورتحال میں ان ملاقاتوں کو وزیر اعظم چودھری انوار الحق کی سیاسی کامیابی قرار دیا جا سکتا ہے۔پاکستان میں عام انتخابات کے بعد مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اتحاد سے قائم ہونے والی متوقع حکومت کے آزاد کشمیر پہ بھی سیاسی اثرات مرتب ہونے کی توقعات ہیں۔

آزاد کشمیر کے محکمہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے ملاقات کی ۔ملاقات میں مسئلہ کشمیر کی تازہ صورتحال،آزادکشمیر میں تعمیر وترقی اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی کیوں کہ مسئلہ کشمیر اس وقت ایک اہم موڑ میں داخل ہو چکا ہے، اس سلسلے میں ہمیں آزادی کے بیس کیمپ سے بھرپور انداز میں اپنا رول ادا کرنا ہے اور اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کو اتفاق رائے کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر ایک موقف اپنانا ہو گا۔ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کو بھی یقین دلاتے ہیں کہ ہم عالمی سطح پر بھرپور انداز میں ان کی آواز دنیا تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلاتفریق احتساب اور آزاد کشمیر کوترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ریاست کے عوام کو روزگار کی فراہمی خطے کی تعمیر وترقی وخوشحالی،اور عوام کا معیارزندگی بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہر شخص کو ریاست میں تبدیلی نظر آئے گی۔ عوام بہت جلد پولیس، انتظامیہ اور دیگر شعبوں میں بہتری دیکھیں گے۔ ریاست کے عوام کی خدمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا کہ تحریک آزادی کیلیے حکومت کی بھرپور سپورٹ کریں گے ۔انہوں نے وزیراعظم کے گڈ گورننس اقدامات کو بھی سراہا اور اتحادی جماعت کے طور پر اپنی بھرپور مدد اور حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ عوام کی خوشحالی و ترقی کے لئیبھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین نے جموں کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سمیت سیاسی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ حکومت مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی،ہمارا سب کچھ تحریک آزادی کشمیر کیلئے ہے۔انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس جموں و کشمیر میں ہم نے جو فیصلے کئے تھے ان پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یسین نے وزیراعظم کو بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بڑی اتحادی جماعت کے طور پر حکومت کی حمایت جاری رکھے گی اور اتحادی حکومت مل جل کر تمام ممکنہ چیلنجز کا مقابلہ کرے گی۔
واپس کریں