دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر میں ،تاریخی دستاویزات ،آثار قدیمہ ،ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے نیشنل آرکائیوز آف پاکستان اور جامعہ کشمیرکے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط
No image مظفرآباد۔08مارچ2024 ( کشیر رپورٹ) آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد اور وفاقی حکومت کے ادارے نیشنل آرکائیوز آف پاکستان کے مابین تاریخی دستاویزات،ثقافتی ورثے کے تحفظ اور تعلیم وتحقیق کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کا مقصد طلبا،محققین میں تحقیقی مواقعوں میں اضافہ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے شراکت داری کو مضبوط بنانا ہے۔جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس اہم معائدے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اور نیشنل آرکائیوز آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل محمد دین چکرانی نے دستخط کیے۔معاہدے کے تحت جامعہ کشمیر میں نیشنل آرکائیوز آف پاکستان کا فرنٹ ڈیسک قائم کیا جائے گا جو طلبا، فیکلٹی اور محققین کے لئے یکساں طور پر ایک اہم مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ اس مفاہمتی یادداشت میں دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔معاہدے کے تحت جامعہ کشمیر اپنے کیمپس میں آرکائیو لیب اور آرکائیو ڈڈیسک قائم کرنے کے لئے تکنیکی مدد فراہم کرے گا۔ مزید برآں، نیشنل آرکائیوزآف پاکستان نمائش کے مقاصد کے لئے جامعہ کشمیر کے طلبا،فیکلٹی،محققین اور شہریوں کو نایاب تاریخی دستاویزات تک رسائی فراہم کرے گا۔اس معائدے کے تحت نیشنل آرکائیوز آف پاکستان جامعہ کشمیر کے طلبا کو انٹرن شپ کے مواقع،فیکلٹی سٹاف کے استعدادکار میں اضافہ کے لیے تربیتی ورکشاپس وغیرہ کا بھی انتظام کرے گا۔
معائدے پر دستخط کرنے سے قبل وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی سے اپنی ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل محمد دین چکرانی کی سربراہی میں نیشنل آرکائیوز آف پاکستان کے تین رکنی وفد نے اپنے ادارے کے اغراض و مقاصد اور خدمات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے پاکستان کی تاریخ اور ثقافت کے تحفظ کے لئے نیشنل آرکائیوزآف پاکستان کے عزم کو سراہتے ہوئے تعلیمی اداروں کے لئے اس تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نیشنل آرکائیوز آف پاکستان کے وفد کو جامعہ کشمیر میں فرنٹ ڈیسک کے قیام کے لئے ضروری بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کے لئے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا کہ یہ آرکائیوز طلبا بالخصوص سوشل سائنسزکے طلبا و طالبات کے لئے انمول وسائل کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تعاون تعلیمی تجربات کو بہتر بنانے اور آنے والی نسلوں کے لئے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو محفوظ کرنے کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

واپس کریں