دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مظفر آباد میں آزاد کشمیر کے سابق صدر، معروف کشمیری رہنماکے ایچ خورشید کی برسی کی تقریب
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)11مارچ2024۔سابق صدر آزادجموں و کشمیر و بانی صدر جموں وکشمیر لبریشن لیگ کے ایچ خورشید کی برسی کے موقع پر مونسپل کارپوریشن مظفر آباد میں جموں کشمیر لبریشن سیل اور جموں وکشمیر لبریشن لیگ کے باہمی اشتراک سے تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب میں سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، وزیر حکومت چوہدری محمدرشید، صدر جموں و کشمیر لبریشن لیگ خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ، سیکرٹری لبریشن کمیشن وجاہت رشید، دختر خورشید احسن خورشید (مرحوم) یاسمین خورشید،رہنما پیپلز پارٹی شوکت جاوید میر،مئیر مظفر آباد سکندر گیلا نی، سابق سیکرٹری حکومت فرحت علی میر، میڈیا کوآرڈینیٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل سردار علی شان،حریت رہنما مشتاق الاسلام، رہنما مسلم کانفرنس سجاد انور عباسی، رہنما جموں وکشمیر لبریشن لیگ راجہ گلزار، سیکرٹری اطلاعات جموں وکشمیر لبریشن لیگ راجہ بشارت، سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، عوام اور سرکاری ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ قیام پاکستان میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھ ممتاز کشمیری رہنما خورشید حسن خورشید نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ان مٹ نظریاتی رشتوں اور ریاستی وقار قومی تشخص کی مظبوط بنیادوں کی خشت اول رکھ کر قوم کی رہنمائی کے رہنمائی کا فریضہ سر انجام دیا ہے خورشید حسن خورشید بقید حیات ہوتے ڈیڑھ کروڑ کشمیری قوم اور ناقابل تقسیم وحدت ریاست جموں و کشمیر بھارتی جابرانہ قبضے سے آزادی حاصل کر کے دنیا کے نقشے پر آزاد قوموں میں شامل ہو چکے ہوتے ۔ سابق صدر ریاست خورشید حسن خورشید کی چھتیس ویں برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں کہا مقبوضہ جموں کشمیر بھارتی اور فلسطین میں اسرائیلی افواج نے انسانیت کو تہع و تیغ کر کے نہتے پرامن عوام کی خونریزی کے دریا بہا دئیے ہیں کے ایچ خورشید کی ایمانداری دیانتداری اصول نظریات جرآت بہادری قومی نمائندگی پر تاریخ ناز کرتی ہے اور انے والی نسلوں کیلئے خورشید حسن خورشید رول ماڈل ہیں وفاقی حکومت از سر نو کشمیر پالیسی تشکیل دینے کیلئے دونوں اطراف کی کشمیری قیادت کی قومی کشمیر کانفرنس طلب کرے اور اسمبلی میں قومی کشمیر کمیٹی کا قیام بھی مشاورت سے تاریخ پر دسترس رکھنے والے ممبران پارلیمنٹ پر قائم کی جائے چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں استصواب رائے کیلئے عالمی برادری نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو دو ایٹمی ممالک میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نیو کلئیر وار میں تبدیل ہو جائے گی جس سے عالمی امن ریزہ ریزہ ہو جائے گا انھوں نے کہا کہ پاکستان نے مسل کشمیر کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا اور افواج پاکستان نے تین جنگیں لڑی ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت چوہدری رشید نے کہاکہ کے ایچ خورشید نے اپنی ساری زندگی تحریک پاکستان ااور آزادی کشمیر کے لیے صرف کردی تھی۔ کے ایچ خورشید حق خودارادیت کے وکیل اور ریاست جموں وکشمیر کی عوام کے جذبات کے حقیقی معنوں میں ترجمان تھے۔ بیس کیمپ کی حکومت کے قیام سے لے کر تحریک آزادی پاکستان اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آواز بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے تک کی خدمات کے باعث آزادکشمیر کی یہ قوم اپنے محسن کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔انھوں نے زبردست انداز میں مرحوم رہنما کے ایچ خورشید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جموں و کشمیر لبریشن لیگ خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا حقیقی حل کے ایچ خورشید کے نظریات میں مضمر ہے۔ کے ایچ خورشید نے پارلیمانی نظام اور بنیادی جمہوریت اور عوامی فلاح کے لیے بے پناہ خدمات دیں، تحریک پاکستان اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انھوں نے واضح کیا کہ لبریشن لیگ آج بھی اپنے قائدکے ایچ خورشید (مرحوم) کے افکار کو لے کر آگے چل رہی ہے اور ان کی نظریا ت کی آبیاری کے لیے جموں وکشمیر لبریشن لیگ بھرپور انداز میں کام کرتی رہے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شوکت جاوید میر نے کہاکہ آئندہ کے ایچ خورشید مرحوم کی برسی شان و شوکت سے منائیں گے۔ کے ایچ خورشید مرحوم کے افکار اور نظریات کو تعلیمی نصاب میں شامل ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ قومی قائد کی آئندہ ہونے والی برسی کو بھرپورانداز میں منانے کے لیے سیاسی رہنماوں سول سوسائٹی کو متحرک کریں گے۔ انھوں نے کے ایچ خورشید کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتیہوئے ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ اسلم خان نے کہاکہ کے ایچ خورشید کی قد آور شخصیت ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ قوم اپنے محسن کے اک اک فکر پر عمل پیرا ہو کر ہی مسائل کے چنگل سے نکل سکتی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا کوآرڈینیٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل سردار علی شان نے کہاکہ کے ایچ خورشید (مرحوم) کے افکار کو نئی نسلوں تک منتقل کرنے کے لیے کام کرنے جا رہے، کے ایچ خورشید کے افکار کو اجاگر کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ ہم اپنے محسن کی تعلیمات کو نئی نسل تک منتقل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔کے ایچ خورشید کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے مئیر مظفر آباد بلدیہ سکند گیلانی، حریت رہنما مشتاق الاسلام،فرحت میر، سجاد انور،آصف جرال، شیخ فاروق، راجہ بشارت، نجیب افضل اور عدنان سلہریا نے بھی خطاب کیا اور کے ایچ خورشید کی خدمات کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جبکہ آخر میں مسلہ کشمیر، حق خودارایت اور استحکام پاکستان کے حوالے سے قرارداد یں بھی پیش کی گئی جن کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ بعد ازاں کے ایچ خورشید کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔اس سے قبل تمام مکاتب فکر کے زعما کرام نے سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے مرحوم رہنما خورشید حسن خورشید کے مزار پر حاضری دی پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔
واپس کریں