دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
میر واعظ کشمیر مولانا محمد یوسف شاہ کی برسی کے موقع پر آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری اور وزیر اعظم چودھری انوا ر الحق کے خصوصی بیانات
No image اسلام آباد (پی آئی ڈی) 25مارچ 2024۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میر واعظ کشمیر کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ کشمیریوں کی جدوجہد اپنے جائز موقف کیلئے ہے۔ بھارت کو سنجیدگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینے میں ہٹ دھرمی ترک کرے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں۔ انہوں نے مولانا یوسف شاہ کی برسی(18رمضان) پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم آج ان کے دینی، ملی اور سیاسی مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کی تجدید کریں۔میر واعظ کشمیر مولانا محمد یوسف کا تحریک آزاد ی کشمیر میں کردار نا قابل فراموش ہے تاہم میر واعظ یہ حسرت لے کر جدا ہوئے کہ ساری ریاست اغیار کے پنجہ غلامی سے آزادہو کر پاکستان کا حصہ بن جائے۔ میر واعظ کشمیر ایک عظیم دینی اور سیاسی شخصیت تھے۔ جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک نازک دور میں انہوں نے جس تدبر اور ثابت قدمی سے ریاست کے مسلمانوں کی راہنمائی کی وہ تاریخ میں زندہ رہے گی۔ میر واعظ کشمیر مولانا محمدیوسف شاہ اور ان کے خاندان نے کشمیری عوام کو دین اسلام سے وابستہ رکھنے اور انہیں آزادی کی نعمت سے ہمکنار کرنے کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں وہ کشمیری عوام کے ہمدرد تھے جنہوں نے ایک طرف انہیں اسلامی تعلیمات سے نواز نے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں تو دوسری طرف انہیں اتحاد اور یگانگت کا درس دیا۔

وزیرا عظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیرچوہدری انوار الحق نے کہا کہ سابق صدرمیر واعظ کشمیر مولانا محمد یوسف شاہ اور ان کے خاندان کی جدوجہد ازادی میں خدمات گرانقدر ہیں۔ میرواعظ مولانا یوسف شاہ کے خاندان نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ساتھ میرواعظ منزل کو ہمیشہ اسلام کی تعلیم و تبلیغ کا مرکز بنائے رکھا۔وہ کشمیری عوام کے سچے خواہاں تھے۔جنہوں نے ایک طرف انہیں اسلامی تعلیمات سے نواز نے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں تو دوسری طرف انہیں اتحاد اور یگانگت کا درس دیا۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے سابق صدر کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ان کی نگاہ دوربین نے دیکھ لیا تھا کہ مسلمانوں میں جس چیز کی کمی ہے وہ اتحاد اور اتفاق ہے جس کے بغیر کوئی بھی قوم اپنے قومی مقاصد حاصل نہیں کر سکتی۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ میرواعظ یوسف شاہ نے کانگریس اور شیخ عبداللہ کے گٹھ جوڑ کا بڑی رلیری سے وادی کشمیر میں مقابلہ کیا۔ میرواعظ مولوی محمد فاروق نے جدوجہد آزادی میں جام۔شہادت نوش کیا اور اج میر واعظ عمر فاروق جدوجہد آزادی کشمیر میں مصروف العمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ میر واعظ نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی لی۔انہوں نے اسلامی ممالک کے دورے بھی کیے۔میر واعظ سیاسی و مذہبی حلقوں میں ممتاز مقام رکھتے تھے اور انہیں کئی زبانوں پر عبور حاصل تھا۔ قرآن مجید کا کشمیری زبان میں ترجمہ اور تفسیر ان کا ایسا بڑا کارنامہ ہے جسے قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔آپ نے اپنی زندگی درس و تدریس میں بسر کی اور کشمیر میں سیاسی بیداری کی مہم شروع کی اور ریاست میں دینی، سماجی اور روحانی خدمات کے ساتھ تحریک آزادی اور الحا ق پاکستان کے لیے بھی گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔

واپس کریں