آزاد کشمیر کے اپوزیشن رہنما خواجہ فاروق احمد اور مظفر آباد انتظامیہ و پولیس کے بیانات
مظفر آباد( کشیر رپورٹ)آزاد کشمیر کے اپوزیشن رہنما خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر پولیس رات بارہ بجے میرے گھر آئی اور میرے گھر کی تلاشی لیتے ہوئے میرے بیڈ روم میں بھی داخل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے( پی ٹی آئی) کے کونسلروں کو گھروں سے اٹھایا گیا۔خواجہ فاروق نے مزید کہا کہ ہم عمران خان کی کال پر 24نومبر کو ڈی چوک( اسلام آباد ) پہنچیں گے۔دوسری طرف مظفر آباد کی ضلعی انظامیہ اور پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مظفر آباد میں امن عامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے کچھ لوگوں کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک مشترکہ پریس ریلیز میں آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے حوالہ سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پولیس نے مظفر آباد میں امن عامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے کچھ لوگوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔ اسی تناظر میں مجسٹریٹ اور پولیس آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد کے گھر کی طرف بھی گئی۔ اس موقع پر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے عزت واحترام سے اپوزیشن لیڈر کے بارہ میں معلومات حاصل کیں۔ بزرگ شہری اور حلقہ کے منتخب ممبر اسمبلی ہونے کے باعث اپوزیشن لیڈر انتہائی قابل عزت واحترام ہیں۔اس معاملہ میں علاقائی روایات اور تہذیب کو بھی مکمل طور پر ملحوظ خاطر رکھاگیا ہے۔ پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کے لیے ہمہ وقت چوکس ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس آئندہ بھی اسی طرح عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیئے کوشاں رہے گی۔ اس واقع کو سوشل میڈیا پر حقائق کے منافی رپورٹ کیا جا رہا ہے۔ اس حوالہ سے سوشل میڈیا پر وائرل خبریں بے بنیاد ہیں۔
واپس کریں