آزادکشمیر پریس فائونڈیشن کے الیکشن، امیدواران کی حتمی فہرست جاری
مظفرآباد (پی آئی ڈی) 25 نومبر 2024۔آزاد جموں و کشمیر پریس فانڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے الیکشن 2024 کے سلسلے میں امیدواران کی جانب سے پیش کیے گئے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کی نسبت چیف الیکشن کمشنر کے فیصلہ مصدرہ 19 نومبر 2024 کے خلاف چیئرمین آزاد جموں و کشمیر پریس فانڈیشن کے پاس ضلع مظفرآباد سے سید ابرار حیدر اور سید وقاص حسین شاہ سمیت ضلع میرپور سے عبد العزیز شجاع کی جانب سے اپیل ہا پیش ہوئیں۔ جن پر چیئرمین آزاد جموں و کشمیر پریس فانڈیشن نے فیصلہ جات صادر فرمائے ہیں۔ پریس فانڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے انتخابات کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے امیدواران کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ حتمی فہرست کے مطابق ضلع مظفرآباد، جہلم ویلی، باغ، کوٹلی، پونچھ (راولاکوٹ)، میرپور اور راولپنڈی، اسلام آباد میں الیکشن منعقد ہوں گے۔ جبکہ ضلع نیلم، پلندری (سدھنوتی)، بھمبر اور حویلی سے ایک ایک امیدوار رہ جانے کے باعث امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوں گے۔ بورڈ آف گورنرز کے امیدواران کی حتمی فہرست کے مطابق مظفرآباد سے سردار ذوالفقار علی اور سید ابرار حیدر، جہلم ویلی سے محمد اسلم اور محمد عارف کشمیری، باغ سے سیف اللہ خان، گل نثار خان،زاہد حسین اور محمد اشرف،کوٹلی سے شوکت علی کھوکھر اورمحمد ندیم، نیلم سے محمد حیات اعوان، پونچھ سے شفقت ضیا، امجد لیاقت خان، محمد زاہد بشیر، سدھنوتی /پلندری سے سردار اعجاز خلیق،میر پور سے سید علی احمد شاہ بخاری، عبدالعزیز شجاع اور خالد محمود،بھمبر سے افتخار احمد،حویلی سے بلیغ الرحمن اور راولپنڈی/ اسلام آباد سے محمد شفیق خان، علی حسنین نقوی، شہزاد احمد راٹھور اور طاہر مسعود امیدوار ہیں۔ جن اضلاع میں انتخابات منعقد ہوں گے ان کے لیے چیف الیکشن کمشنر / سیکرٹری اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کی جانب سے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت مورخہ 10 دسمبر 2024 صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہو گا۔ ہر امیدوار صرف ایک پولنگ ایجنٹ مقرر کر سکے گا۔ موبائل فون اور کیمرہ پولنگ بوتھ کے اندر لے جانے کی اجازت نہ ہو گی۔ حتمی ووٹر لسٹ کے مطابق ممبران سال 2024 کا ایکریڈیٹیشن کارڈ دکھا کر ووٹ کاسٹ کر سکیں گے، اصل ایکریڈیٹیشن کارڈ کے بغیر ووٹ کاسٹ نہیں کیا جا سکے گا۔ ووٹر حضرات اپنے پسندیدہ امیدوار کے نام کے نیچے بنے خانہ میں ٹک کا نشان لگائیں گے، کوئی بھی ووٹر بیلٹ پیپر پولنگ بوتھ سے باہر لے جاتے یا دکھا کر ووٹ ڈالتے پایا گیا تو اس کا ووٹ منسوخ کر دیا جائے گا۔ انتخابات میں کامیابی کے لیے امیدوار کو 51 فیصد ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔ اگر کوئی بھی امیدوار 51 فیصد ووٹ حاصل نہ کر سکا تو اس کے بعد پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار کے درمیان دوبارہ مقابلہ ہو گا جس کے لیے چیف الیکشن کمشنر پولنگ کی نئی تاریخ مقرر کریں گے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ضابطہ عمل میں لائی جائے گی۔
واپس کریں