مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی افسوسناک ، آزادکشمیر میں عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔کشمیر کمیٹی اجلاس سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا خطاب
اسلام آباد ( پی آئی ڈی) 25/دسمبر 2024۔وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہاہے کہ مملکت پاکستان کا استحکام تحریک تکمیل پاکستان کی ضمانت ہے، نظریہ الحاق پاکستان کی تکمیل تک جدوجہد جاری رہے گی۔آزاد کشمیر میں بڑے ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کر لیں گے ، مانسہرہ سے مظفرآباد موٹروے، قانون ساز اسمبلی کی عمارت کی تکمیل، ایل او سی پر متاثرہ آبادی کی بحالی، اور رٹھوعہ ہریام پل کی تعمیر جلد ممکن بنائیں گے ، تعلیم، صحت، اور دیگر شعباجات میں انقلابی تبدیلی کے لیے اقدامات اٹھارہے ہیں ۔ کشمیری عوام مملکت خداداد پاکستا ن کے ساتھ گہرے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی افسوسناک امر ہے ، آزادکشمیر میں عوام کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلا م آباد میں کشمیر کمیٹی کے چوتھے منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کیا ۔ کشمیر کمیٹی کا چوتھا اجلاس چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق، پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین، اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں، اور دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر بات کرتیہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نیکہاکہ جمہوری رواداری کے پاسبان ہیں ۔ سیاست آئین و قانون کے دائرہ میں ہونی چاہیے ۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت پاکستان نے آزاد کشمیر کے عوام کو تین روپے فی یونٹ بجلی فراہم کی ہے، جبکہ آٹا بھی سبسڈائزڈ قیمتوں پر دستیاب ہے۔ انھوں نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کا استحکام تحریک تکمیل پاکستان کی ضمانت ہے، اور نظریہ الحاق پاکستان کی تکمیل تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔انھوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کررہا ہے ، بھارت نے شہریوں کے بنیادی جمہوری حقوق غصب کررکھے ہیں ، اقوام متحدہ بھارتی جنگی جرائم کا سخت نوٹس لے۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا کہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اہم تجاویز پیش کی گئیں۔ پاکستان اور کشمیر یک جاں دوقالب ہیں انھوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ آبادی کی ہیت تبدیل کرنے جیسے گھنائونے جرائم میں بھی ملوث ہے ۔
واپس کریں