دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
احتجاج ختم کر کے مذاکرات کے ذریعے حکومت سے اپنے جائز مطالبات حل کروائیں۔وزرا حکومت پیر مظہر شاہ ، سردار جاوید ایوب، چوہدری اکبر ابراہیم اور اکمل حسین سرگالہ کی پریس کانفرنس
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)5دسمبر2024۔وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کی عوام کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اجتماعی شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بحال رکھا اور آج کسی بھی جگہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ آزادکشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔باشعور اور ذی فہم قوم کے احتجاج کا یہی طریقہ کار ہے ۔ آج عوام نے احتجاج بھی ریکارڈ کروایا اور بدامنی بھی نہیں ہونے دی ۔ تمام طبقات زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد باالخصوص احتجاج کرنے والے بھائیوں کو ایک مرتبہ پھر دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اور مل کر آگے بڑھیں اور ریاست کی تعمیروترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔احتجاج کو ختم کر کے بات چیت کریں ۔آج سپریم کورٹ کے احکامات کے احترام میں نظام کی برتری کا سب نے مشاہدہ کیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے آرڈیننس کی معطلی کے بعد کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ حکومت نے سپریم کورٹ اور قانون کے احترام کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے وزرا حکومت سردار جاوید ایوب، چوہدری اکبر ابراہیم اور اکمل حسین سرگالہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دلیل ہماری طاقت اور ڈائیلاگ ہمارا ہتھیار ہے ۔اسی پالیسی گائیڈ لائن کو آگے لے جاتے ہوئے احتجاج کرنے والے دوستوں کو پوری فراخ دلی کے ساتھ پیشکش کرتے ہیں کہ وہ احتجاج کو ختم کر کے آئین اور مذاکرات کے ذریعے حکومت سے اپنے جائز مطالبات حل کروائیں ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ تعمیر وترقی کا پہیہ چل پڑا ہے ۔ 18 ماہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے جن کی تفصیل آپ سب کے علم میں ہے ۔ اس تعمیر وترقی کے سفر کو جار ی رکھنے کے لیے ریاست میں بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھا جائے اور تعمیر وترقی کیلیے حکومت کے ساتھ مل کر اس سفر کو مزید تیز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاتھاکہ احتجاج عوام کا جمہوری حق ہے ۔ آج اس جمہوری حق کا عوام نے استعمال کیا جس کا مشاہدہ سب نے کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ دن بھر حکومت پر شدید تنقید کے باوجود حکومت نے ماں کاکردار ادا کیا ۔حکومت ماں کا کردار ادا کررہی ہے اور عوام کو تمام جمہوری حقوق دے رکھے ہیں ۔ غلطیاں سب سے ہوتی ہیں اور سب اچھے کام بھی کرتے ہیں ۔ وزیر اطلاعات نے ایک مرتبہ پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صدارتی آرڈیننس معطل ہے ۔ آئیں مل کر لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم مسائل کے حل کیلیے اختراعی حل ڈھونڈیں ۔
واپس کریں