سازشی عناصر جلال آباد پارک کے خلاف بے بنیاداور خلاف حقائق پروپیگنڈہ کرتے رہتے ہیں۔ترجمان محکمہ زراعت آزاد کشمیر
مظفر آباد(پی آئی ڈی)07 دسمبر2024۔ ترجمان محکمہ زراعت آزادکشمیر نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے واضح کیا ہے کہ جلال آباد پارک سے کسی قسم کی قیمتی لائٹس اور واٹر پروف الیکٹرک تاریں غائب نہیں ہوئیں۔ جلال آباد پارک دارلحکومت کا سب سے بڑا تفریحی پارک ہے۔ محکمہ زراعت کا عملہ دستیاب وسائل میں پارک کی تزئین و آرائش اور صفائی ستھرائی میں ہمہ وقت مصروف رہتا ہے۔ جلال آباد گارڈن تاریخی اہمیت کا حامل تفریحی پارک ہے۔ سال 1952میں محکمہ زراعت کے قیام کے بعد گارڈن کی دیکھ بھال کی ذمہ داری محکمہ کو تفویض کی گئی۔ جب یہ گارڈن محکمہ زراعت کے حوالہ ہوا اس وقت اس کا کل رقبہ 80 کنال 05 مرلے پر محیط تھا ۔ اسی رقبہ پر جملہ سرکاری رہائشگاہوں کیلئے سڑک اور خورشید نیشنل لائبریری جلال آباد تعمیر کی گئی اس طرح بقیہ رقبہ پر پارک تعمیر شدہ ہے اور اس رقبہ میں کسی قسم کی کوئی تجاوزات نہیں ہوئیں ۔ سال 2004 سے قبل جلال آباد گارڈن کیلئے کوئی باقاعدہ عملہ منظور شدہ نہ تھا۔ 2004 میں نظامت پارکس اینڈ ہارٹیکلچرکا قیام عمل میں لایا گیا اور جلال آبادگارڈن کو پبلک پارک کا درجہ دیتے ہوئے اس کیلئے محکمہ زراعت ، محکمہ تعمیرات عامہ عمارات ( مینٹینٹس ڈویژن) اور ترقیاتی ادارہ مظفر آباد سے آسامیاں منتقل کی گئیں۔ نظامت پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کا کوئی بھی ملازم کسی بھی آفیسر کی رہائش گاہ پر مامور نہیں ہے ۔ اس وقت جلال آباد میں پارک کی دیکھ بھال کیلئے بڈر، مالی اور بیلداران کی تعداد 16 ہے۔ نظامت پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کے تحت تعینات عملہ کو جلال آباد پارک کے علاوہ گلشن گلاب فیملی پارک گوجرہ اور ریاست کے دیگر اداروں کے گارڈن کی تزئین و آرائش اور دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی تفویض کی گئی ہے۔ اس طرح جلال آباد پارک میں صرف 08 اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔
محکمہ زراعت اپنے دستیاب وسائل میں عوام الناس کو ہر ممکن تفریحی سہولیات مہیا کر رہا ہے۔ جلال آباد پارک میں روزانہ 02 سے 03 ہزار افراد آتے ہیں جبکہ خصوصی ایام میں یہ تعداد کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ نظامت پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کا عملہ مسلسل پارک کی تزئین و آرائش اور دیکھ بھال کیلئے کوشاں ہے۔ اس وقت بھی جلال آباد پارک مظفرآباد کے دیگر پارکس کے مقابلہ میں صفائی اور خوبصورتی کے لحاظ سے بہترین نمونہ پیش کر رہا ہے۔ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ایک منظم سازش کے تحت سازشی عناصر وقتافوقتا جلال آباد پارک کے حوالہ بے بنیاداور خلاف حقائق پروپیگنڈہ کرتے رہتے ہیں۔ جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ جلال آباد پارک کے حوالہ سے پرنٹ اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالی خبریں خلاف حقائق ، بے بنیاد اور اسی پروپیگنڈے کا حصہ ہیں۔
واپس کریں