دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر میں حکومتی سطح کی سیاسی سرگرمیاں، صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری سے وزیر اعظم چودھری انوار الحق کی ملاقات
No image اسلام آباد( کشیر رپورٹ) 15دسمبر 2024۔صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اندرون و بیرون ملک موثر اور جارحانہ انداز میں اٹھانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھی جائے گی اور آزادی کے بیس کیمپ سے ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آزادی کی جدوجہد میں آزادکشمیر کا بچہ بچہ ان کے شانہ بشانہ ہے اور ہماری یہ جدوجہد مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جابرانہ وغاصبانہ قبضے سے آزادی تک جاری و ساری رہے گی۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ایوان صدر کشمیر ہائوس سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کو آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کے لئے تمام تر توانائیاں صرف کرنے کے لئے کہا جس پر وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے صدر ریاست آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ آزادکشمیر میں گڈ گورننس کے قیام اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر رفتار تیز کرنے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں گی تاکہ اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے آزادکشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بھی سیر حاصل اور تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واپس کریں