بھارت طاقت کے ذریعے آزاد کشمیر پر قبضہ نہیں کر سکتا، سیاستدانوں کے ایسے بیانات ووٹ لینے کا حربہ ہیں، ہمسایہ ملکوں سے تعلقات اچھے بنانا بھارت کے مفاد میں ہے۔ ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور
نئی دہلی ( کشیر رپورٹ)بھارتی فوج کے ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور نے کہا ہے کہ بھارت فوج کی مدد سے آزاد کشمیر پر قبضہ نہیں کر سکتا، بھارتی فوج مقبوضہ جموں وکشمیر میں پکڑے جانے والے مجاہد کو انٹروگیشن کے بعد جعلی مقابلے میں فائرنگ کر کے ہلاک کر دیتی ہے، نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کے کئی علاقوں میں بھارتی فوجی گروپ کشمیری مجاہدین کے حلئیے میں رہتے ہوئے کاروائیاں کرتے ہیں اور بھارتی فوج کے یہ خفیہ گروپ آزاد ی پسند عسکری گروپوں کو بدنام کرنے کے لئے مجائدین کے بھیس میں کاروائیاں بھی کرتے تھے، بھارتی فوج کی طرف سے ایسے ہی خفیہ گروپوں کے ذریعے حریت پسند تنظیموں کے درمیان تقسیم پیدا کرنے والی کاروائیاں بھی کی جاتی ہیں۔
مقبوضہ جموں وکشمیر میں جنگی کاروائیوں میں حصہ لینے اور بھارت کا سینا میڈل حاصل کرنے والے ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور نے ایک تفصیلی وڈیو انٹرویو میں اس سوال کہ بھارتی حکمران آزاد کشمیر پر قبضے کی باتیں کرتے ہیں، کیا بھارت آزاد کشمیر پر قبضہ کر سکتا ہے؟ کے جواب میں میجر جنرل ( ر) یش مور نے کہا کہ بھارت طاقت کے ذریعے آزاد کشمیر پر قبضہ نہیں کر سکتا، اگر آزاد کشمیر کو طاقت کے ذریعے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اس سے بھارت کئی سال پیچھے چلا جائے گا۔
میجر جنرل ( ر) یش مور نے کہا کہ پہاڑی علاقے میں جنگ کرنا بہت مہنگا ہے،آزاد کشمیر کا کوئی علاقہ یا تمام آزاد کشمیر حاصل کرنا بہت مہنگا سودا ہے،اس میں بھارت کو بہت زیادہ فوجی جوانوں کے نقصان کے علاوہ بھاری مالی نقصان بھی اٹھانا پڑے گا۔میجر جنرل ( ر) یش مور نے کہا کہ بھارت میں اتنی غربت ہے کہ ہم 80کروڑ لوگوں کو5کلو اناج دیتے ہیں،ہمارے پاس لوگوں کو دینے کے لئے ملازمتیں نہیں ہیں،ہمارے سکولوں کی حالت جا کر دیکھو،ہمارے ہسپتالوں کی حالت جا کر دیکھو،گھروں، سڑکوں کی حالت دیکھو،پانی ، ہوا کی صورتحال دیکھو، بھارت میں صرف 4فیصدتازہ پانی ہے۔آزاد کشمیر لینے کی باتیں سیاستدانوں کی طرف سے ووٹ لینے کا حربے ہیں،فوجی نقطہ نظر سے آزاد کشمیر پر قبضے کی باتیں اس وقت یا مستقبل قریب میں ہر لحاظ سے ناممکن ہیں، آزاد کشمیر پر قبضے کی بات کرنا بیوقوفی ہے۔
ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور نے کہا کہ بھارت کو ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات اچھے بنانے چاہئیں، تاریخ بھی یہ بتاتی ہے کہ امریکہ کا کچھ پتہ نہیں کہ کب وہ ساتھ دے اور کب ہاتھ کھینچ لے۔بھارت کو پاکستان اور چین سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات اچھے بنانے چاہئیں، ہم ہمسایہ ملکوں کے خلاف سخت بیانات دیتے ہیں اور دوستی ہزاروں میل دور کرنا چاہتے ہیں۔
ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور نے کہا کہ روسی فوج کے خلاف امریکہ نے پاکستان کے ذریعے طالبان تیار کئے اور اب وہی حکمت عملی دہشت گردی کے طور پر پاکستان کو درپیش ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ کی مدد شامل نہ ہو تو اسرائیل غزہ میں قتل عام نہیں کر سکتا۔ایک سوال کے جواب میں ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور نے کہا کہ بھارتی فوج کا اگنی ویر پروگرام بھارت کے مفاد میں نہیں بلکہ ملک اور عوام کے لئے بہت نقصاندہ ہے۔
ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور کے وڈیو انٹرویو کا ویب لنک
https://www.youtube.com/watch?v=k2MO4x-qSPs
واپس کریں