آزادکشمیر میں برسراقتدار ہائبرڈ رجیم مکمل طور پر فیل ، وزیراعظم چوہدری انوارالحق مستعفی ہوں۔ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرکا خصوصی بیان
مظفرآباد ( کشیر رپورٹ)سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ متنازعہ صدارتی آرڈیننس کی واپسی کے بعد وزیراعظم چوہدری انوارالحق مستعفی ہوں اب آرڈیننس کو واپس لینا بعد از مرگ علاج کے مترادف ہے، آزادکشمیر میں برسراقتدار ہائبرڈ رجیم مکمل طور پر فیل ہوچکی،معاملات کو پرامن طور پر حل کرنے میں ایکشن کمیٹی نے مثبت طرز عمل کا مظاہرہ کیا ،انتظامیہ نے بھی ذمہ داری دکھائی، میں نے چند روز قبل حکومتی ذمہ داران کو یہ واشگاف الفاظ میں آرڈیننس کی مذمت کرتے ہوئے بتایا تھا کہ یہ قطعی طور پر دانشمندانہ فیصلہ نہیں اسے واپس لیا جاے، انوارالحق کو ووٹ دیکر وزیراعظم بنانے کا فیصلہ مسلم لیگ ن کی دوسرے درجے کی قیادت کا تھا، نوازشریف اس میں شامل نہیں تھے، مجھے حیرت ہے مسلم لیگ ن کے ان وزرا پر جنہوں نے تیرویں ترمیم پر بدترین دبائو برداشت کرلیا مگر ایک ایسے وزیراعظم جس کی کوئی جماعت بھی نہیں کے آگے ڈھیر ہوگئے۔
موجودہ صورتحال کے حوالے سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ صدر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادرجماعت کی جانب سے کوئی واضح پالیسی بیانیہ نا دے سکے جس پر انہیں مستعفی ہوجانا چاہیے۔ ایکشن کمیٹی سے بھی کہتا ہوں کہ موجودہ حالات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، ان کے کچھ مطالبات جائز ہیں مگر جو معاملات آئینی ہیں ان کے لیے ان کی جانب سے مطالبہ کرنا مناسب نہیں ،جو کام پارلیمنٹرینز نے کرنا ہے وہ ایکشن کمیٹی نہیں کرسکتی، اب بھی وقت ہے ہم سب ملکر قومی ہم آہنگی کا ماحول پیدا کرنے کے لیے اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کریں۔
واپس کریں