مظفرآباد (پی آئی ڈی)29ستمبر2022۔وزیرا عظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے آزادکشمیر میں احتساب اور عام آدمی کے لیے ریلیف کا ایجنڈہ دیا جس پر عملدرآمد جاری ہے۔ آزادکشمیر میں کرپشن کے ذریعہ مال بنانے والوں سے حساب لیں گے، یہ کسی کے باپ کا مال نہیں قوم کے خون پسینے کی کمائی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان عالم اسلام کے لیڈر کے طورپر سامنے آئے ہیں۔ کشمیر النسل ہونے کے دعویداروں نے انڈیا کے ساتھ تجارت شروع کی اورا اقوام متحدہ میں کشمیر پر بات نہیں کی۔ اگلے چھ ماہ میں آزادکشمیر میں حقیقی تبدیلی نظر آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں یونیورسٹی گراونڈ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان،سابق وفاقی وزیر شیخ رشیداحمد، وزرا حکومت اور پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرسابق وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور،سابق وزیر صحت عامر محمود کیانی،آزادکشمیر کے وزرا حکومت،ممبران اسمبلی،تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز،خواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد جلسہ عام میں شریک ہوئی۔
وزریر اعظم آزادکشمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کے رہنے والوں نے آج قائد پاکستان عمران خان کا والہانہ استقبال کر کے ثابت کر دیا ہے کہ عمران خان ہی کشمیریوں کی امیدوں کا محور ومرکز ہیں۔عمران خان اس ملک کے وہ لیڈر ہیں جنہوں نے "سٹیٹس کو"کو چیلنج کیا اور اسی جذبے کو دیکھ کر میں بھی تحریک انصاف کے قافلے کا حصہ بنا۔جب تحریک انصاف کی ہماری حکومت آزادکشمیر میں اقتدار میں آئی تو چیئرمین تحریک انصاف نے سب سے پہلے عام آدمی کو ریلیف دینے کی ہدایت کی آپ نے ہمیشہ عام آدمی کی بات کی اور قوم اور ملک کے پیسہ کے تحفظ اور احتساب کے عمل کی شفاف بنانے پر زور دیا۔ اقوام متحدہ میں آپ نے 24منٹ کشمیر پر بات کی اور کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔پاکستان کے موجودہ وزیرا عظم جو اپنے آپ کو کشمیری النسل کہتے ہیں اقوم متحدہ میں کشمیریوں کا نام بھی نہیں لیاجبکہ عمران خان نے کشمیریوں کے سفیر ہونے کا ثبوت دیا اور ہر بین الاقوامی فورم پر جاندار انداز میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑا۔اقوام متحدہ،امریکہ اوریورپی یونین عمران خان نے کشمیر اور ناموس رسالت پر کمپرومائز نہیں کیا۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے جن اصولوں پر سیاست کی بنیاد رکھی انہی اصولوں پرقائد اعظم نے اس ملک کی بنیاد رکھی تھی۔قائداعظم کے بعد عمران خان وہ پہلے حکمران ہیں جنہوں نے ریاست مدینہ کی بات کی۔ ریاست مدینہ کا تصور عام آدمی کی فلاح وبہبود ہے۔انہوں نے کہا کہ جب آپ نے پاکستان میں اقتدارسنبھالا تو ملک سخت مشکل حالات میں تھا۔تحریک انصاف نے غریب آدمی کو صحت کی بہترین کی سہولیات کی فراہمی کے لیے انصاف کارڈ متعارف کروایا اورغریب آدمی کی جیب میں انصاف صحت کارڈ کی صورت میں 10لاکھ روپے ڈال دیے۔ کرونا کے دوران تحریک انصاف کی حکومت نے بہترین حکمت عملی اپنائی جس کی مثالیں پوری دنیا نے دیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کرونا وبا کی وجہ سے دنیا کی بڑی بڑی معشیتیں تباہ ہوئیں لیکن عمران خان کی بہترین حکمت عملی کے باعث پاکستان اس بحران سے بخوبی باہر نکلنے میں کامیاب ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ کشمیری آپ کی پشت پر ہیں اور آپ کو اپنا محسن سمجھتے ہیں۔ اگر فرانس،جرمنی اور چائنہ اگر ترقی کر سکتے ہیں تو پاکستان کیوں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ آزادکشمیر میں آنے والے 6ماہ میں آپ عمران خان کے ویثرن کے مطابق عوام کو حکومتی اقدامات کے ثمرات نظر آئیں گے۔ یہ قوم غیرت اور حمیت کے ساتھ آگے بڑے گی۔
٭٭٭٭٭٭٭
واپس کریں