دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آئینی ترمیم کے خلاف مزاحمت کریں گے،بھارت کی طرف سے آزاد کشمیر میں تخریب کاری کی کوشش کی مذمت۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کا اجلاس
اسلام آباد(پ ر) پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کا اہم اجلاس زیر صدارت شاہ غلام قادر جموں کشمیر ہائوس میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، سینئر نائب صدر مشتاق احمد منہاس، سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق، سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر افتخار گیلانی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فرحان اعظم نے شرکت کی۔ اجلاس میں آزادکشمیر کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اجلاس واضح کیا گیا کہ مسلم لیگ ن کسی بھی آئینی ترمیم کا حصہ نہیں بنے گی۔ آزادکشمیر کے عبوری آئین میں اگر کسی بھی قسم کی ترمیم کی کوشش کی گئی تو مسلم لیگ ن اسمبلی کے اندر اور باہر اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کریگی ۔آئین کے ساتھ کسی کو بلاوجہ چھیڑ چھاڑ کی اجازت نہیں دی جاسکتی اس حوالے سے ایوان کے اندر اور باہر سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ہندوستان کی جانب سے آزادکشمیر کے اندر آئی ڈیز نصب کرنے،تخریب کاری کے معاملات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آزادکشمیر کے عوام ہندوستان کی جانب سے نظریاتی و دفاعی تخریب کاری کے خلاف بھرپور مزاحمت کرینگے۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بالخصوص شب برات جیسے مقدس تہوار کے موقع پر مرکزی جامع مسجد سرینگر سمیت دیگر مساجد کو عبادت کے لیے بند کرنے کے ہندوستانی فورسز کے اقدامات پر تشویش کااظہارکیاگیا۔
واپس کریں