دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کشمیر لبریشن سیل کشمیر کاز کے لئے پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔ سیکرٹری مرزا وجاہت رشید بیگ
No image میرپور ( کشیر رپورٹ)سیکریٹری جمو ں وکشمیر لبریشن سیل مرزا وجاہت رشید بیگ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا رشتہ، نظریے اور عقیدے کا ہے، نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی منفی پروپیگنڈے کو کائونٹر کرتے ہوئے اس رشتے کو مزید مضبوط بنائیں، جموں و کشمیر لبریشن سیل وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی ہدایات کی روشنی میں ریاست بھر کے نوجوانوں کو پلیٹ فارم مہیا کرے گا تاکہ وہ تحریک آزادی کشمیر میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو دنیا کے سامنے لا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر سنٹر میرپور کے دورے کے موقع پر آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکریٹری لبریشن سیل نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے اور کشمیری تکمیل پاکستان کے نامکمل ایجنڈے کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ پاکستان اور کشمیر کے رشتہ کو کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ مرزا وجاہت رشید بیگ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں اوورسیز کشمیری اپنا بہترین اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔سیکرٹری جموں و کشمیر لبریشن سیل نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی ہدایات پر بہت جلد نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے درست استعمال اور اس کی اہمیت اور دور جدید میں اس کی افادیت کے حوالے سے سوشل میڈیا ورکشاپس کا آغاز کر رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر لبریشن سیل ریاست بھر کے تعلیمی اداروں میں تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس سلسلہ میں آزاد کشمیر اور پاکستان کی تمام بار کونسلز کے ساتھ بھی مل کر مسئلہ کشمیر کے قانونی پہلوں کے حوالے سے نوجوان نسل کو آگاہی مہیا کریں گے۔ وجاہت رشید بیگ نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی جامعات کے طلبا و طالبات کے درمیان تقریری مقابلہ جات، کوئز پروگرام اور آگاہی مہم کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو تحریک آزادی کشمیر، حق خودارادیت اور مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کرنا ہے جبکہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہے۔ سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل نے کہا کہ اس سلسلہ میں یونیورسٹیز کے طلبا و طالبات، ڈیجیٹیل، سوشل، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سمیت دیگر تمام ذرائع ابلاغ کے ذریعے مسئلہ کشمیر کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کریں اور بھارت حکومت اور افواج کی طر ف سے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کریں اور کشمیریوں کے موقف کو دنیا کے سامنے پیش کریں۔

واپس کریں